کورونا سے متعلق غلط معلومات پھیلانے پر نامور آسٹریلوی شیف کا فیس بک پیج بند
آسٹریلوی شہرت یافتہ شیف پیٹ ایوانز کا فیس بک پیج عالمی وبا کورونا سے متعلق غلط معلومات پھیلانے پر بند کر دیا گیا۔
شیف پیٹ ایوانز آسٹریلیا میں عالمی وبا کورونا کو دھوکہ قرار دینے اور وائرس سے متعلق بے بنیاد دعوؤں کے حوالے سے خاصے مشہور ہیں۔
آسٹریلوی شیف پیٹ ایوانز آسٹریلین کوکنگ شوز پرائم ٹائم کے سابق جج بھی رہ چکے ہیں جبکہ ان کے فیس بک پیج پر فالوورز کی تعداد لاکھوں میں تھی۔
شیف پیٹ ایوانز لاکھوں ملین افراد کو موت کے گھاٹ اتار دینے والے وائرس سے متعلق اپنے فاولورزکو کسی قسم کا ٹیسٹ یا ویکسین نہ لگوانے پر بھی اصرار کرتے آئے ہیں۔
فیس بک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم کسی کو بھی کووڈ 19 اور ویکسین کے بارے میں ایسی غلط معلومات پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے جس سے انسانی جانوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہو سکتا ہو۔
پیٹ ایوانز نومبر میں انسٹاگرام پر پیج کے ذریعے فیس بک چھوڑنے کا اعلان کر چکے تھے تاہم اس کے باوجود گزشتہ ہفتے تک ان کی جانب سے فیس بک پر پوسٹ کی جاتی رہیں، اس کے بعد فیس بک کی جانب سے ان کا پیج بند کر دیاگیا۔


