عمران خان کے احکامات کی روشنی میں ایرانی تیل کے کاروبار کیخلاف کارروائی کررہے ہیں، ضیا لانگو

کوئٹہ:صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے احکامات کی روشنی میں غیر قانونی پٹرول و ڈیزل کے کاروبار کی مکمل روک تھام کے لیے بھرپور کارروائیوں کا آغاز کیا جا رہا ہے، اس ضمن میں آئی جی پولیس بلوچستان اور تمام ڈویژنل کمشنرز و ایف سی حکام کو پٹرول کی سمگلنگ کے حوالے سے محکمہ داخلہ کی جانب سے مراسلے ارسال   کر دئیے گئے ہیں کہ وہ صوبے بھر کے تمام غیر قانونی پٹرول پمپس اور ڈیزل پمپس کو اپنے متعلقہ علاقوں میں فوری طور پر سیل کر کے 2 دن کے اندر رپورٹ جمع کرائیں۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں اگر کسی بھی علاقے میں غیرقانونی پٹرول پمپس کی موجودگی یا سمگلنگ رپورٹ ہوئی تو متعلقہ افسران کیخلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا ہے صوبہ بھر کے مختلف علاقوں کے اہم و عوامی مقامات پر منی پٹرول پمپس قائم ہیں جبکہ گلی کوچوں میں دکاندار پلاسٹک کی بوتلوں میں مہنگے داموں پٹرول فروخت کر رہے ہیں جو نہ صرف انتہائی خطرناک ہیں بلکہ اس کے  سرکاری ریونیو  پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ غیر قانونی تیل ایجنسیوں اور منی پٹرول پمپس پر کسی قسم کے حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے  ماضی میں متعدد بڑے حادثات رونما ہو چکے ہے انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں قائم ایسے تمام غیر قانونی تیل فروخت کرنے والے مراکز ومنی پٹرول پمپس کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کی جائینگی جن سے انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں صوبائی وزیر داخلہ کے مطابق غیر قانونی تیل کے کاروبار کے مکمل تدارک کے لیے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے جو پوری شدت سے جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں