ہوشاب،تجابان اور ہیرونک میں لیویزاور ایف سی کی خصوصی گشتی ٹیمیں اور اضافی چیک پوسٹیں قائم کرنے کا فیصلہ

تربت(نمائندہ انتخاب) ڈپٹی کمشنر کیچ کے دفتر میں ہوشاپ،تجابان اور ہیرونک میں امن و امان کی صورتحال پراجلاس، اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی لالہ رشیددشتی، سیکٹرکمانڈر بریگیڈیئر عبداللہ سعید اور علاقے کے عمائدین نے شرکت کی،ڈپٹی کمشنر کیچ میجر(ر) محمد الیاس کبزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہوشاپ،تجابان اور ہیرونک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے لیویز اور ایف سی کی خصوصی گشتی ٹیمیں علاقے کے اندر گشت پر مامور کی جائیں گی اور جہاں ضرورت پڑی اضافی چیک پوسٹیں قائم کریں گے انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی تحفظ کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی،گزشتہ دنوں ہیرونک میں جو ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ایسا کوئی دوسرا واقعہ پیش نہ آئے اس سلسلے میں ایف سی کے ساتھ مل کر لائحہ عمل طے کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن و امان کی مزید بہتری کیلئے علاقے کے عوام کی تجاویز پر بھی عمل کیا جائے گا جہاں پر عوام کو امن و امان کی خراب صورتحال پر خدشات ہیں وہ تجاویز دے سکتے ہیں اجلاس میں ہوشاپ،تجابان اور ہیرونک کے معتبرین نے امن و امان کی بہتری کیلئے اپنی تجاویز دیں اور کہا کہ ہم پرامن شہری ہیں اور پرامن ماحول میں زندگی بسر کرنے والے لوگ ہیں،سکیورٹی فورسز ہمیں تحفظ دیں عدم تحفظ کا احساس ہم میں ختم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیئے جائیں اور سیکیورٹی سخت کرنے کے دوران عام شہریوں کو تنگ نہ کیا جائے پرامن ماحول میں شہریوں کو ان کا کاروبارکرنے دیا جائے، علاقے کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر کیچ کا شکریہ ادا کیاکہ انہوں نے عوام کی مشکلات اور تکلیفوں کا احساس کرتے ہوئے علاقے میں امن و امان کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیئے،سیکٹرکمانڈربریگیڈیئر عبداللہ نے معتبرین کو یقین دہانی کرائی کہ ایف سی ان کی جان و مال کی تحفظ کیلئے اپنی تمام وسائل استعمال کرے گی لوگ اطمینان رکھیں ایف سی کی طرف سے عام شہریوں کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں