سلیکٹڈ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے،نصراللہ زیرے
کوئٹہ:پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے ہر شعبہ زندگی میں عوام بدترین مشکلات سے دوچار ہے،حکومت غربت کے خاتمے کیلئے نہیں بلکہ غریب کے خاتمے کیلئے ناروا اقدامات کررہی ہیں،حکومت صرف اپوزیشن کے حلقوں میں مداخلت کرنے، کرپشن وکمیشن کرنے میں مصروف ہے، پارٹی کے گزشتہ دور حکومت کے ثمرات آج بھی عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے حلقہ پی بی31تختانی بائی پاس کلی صالح آباد اور کلی بابا جان ٹاؤن میں الگ الگ عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے سابقہ دور حکومت میں منظور ہونیوالے بجلی کے ٹرانسفارمرز اورکھمبوں کی تنصیب کے موقع پر افتتاح کیا۔ اس موقع پر اجتماعات سے علاقائی سیکرٹری حمد اللہ بڑیچ، حاجی رحمت اللہ مری، ڈاکٹر نور محمد، ارشد خان، حاجی حمید اللہ گورگیج، حاجی حیات اللہ پرکانی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس انداز میں اپنے حلقے کے عوام کی خدمت کی یہ وہ ناقابل بیان اور قابل تحسین ہے یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں اُن کے جیسا عوامی نمائندہ ملا جنہوں نے تمام حلقے کے عوام کی بلا امتیاز خدمت کی اور ہمارے ہر مسئلے کو حل کرنے کیلئے بروقت اقدامات کیئے۔ رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ پشتونخوامیپ ہی اپنے عوام کی نمائندہ قومی سیاسی جمہوری جماعت ہے پشتونخوامیپ کی سیاست بلا امتیاز رنگ،نسل، زبان،مذہب،فرقہ سے بالاتر ہوکرتمام عوام کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام نے ماضی میں بھی ان پر اعتماد کیا اور اس بار بھی ان پر اعتماد کیا ان کی خدمت کرنا میرا فریضہ ہے اور یہ کسی پر احسان نہیں کرتا جبکہ عوام کے اعتماد کو کسی صورت ٹھیس نہیں پہنچاؤنگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک پر زر اور زوراور تاریخ کی بدترین دھاندلی کی صورت میں الیکشن کی جگہ سلیکشن ہوا اور سلیکشن کرکے من پسند افراد کو حکومت سونپ دی گئی۔ ان کی نااہلی، ناکامی کی صورت میں آج تمام عوام بدترین مشکلات سے دوچار ہے جبکہ گزشتہ دنوں سلیکٹڈ وزیر اعظم کا اعترافی بیان ہی کافی ہے کہ کسی کو بھی تیاری کے بغیر حکومت نہیں آنا چاہیے۔ یہ بیان ان کی ناکامی اور نااہلی کیلئے کافی کیونکہ وہ یہ جانتے ہیں کہ انہیں حکومت کس طرح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں بدترین مہنگائی، بیروزگاری ہے عوام کے ہر مکتبہ فکر شدید پریشانی میں مبتلا ہے لیکن حکومت انہیں ریلیف دینے کی بجائے آئے روز پٹرولیم مصنوعات، کھانے پینے کی چیزوں ودیگر اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ غریب کو جو ابھی ایک وقت کی روٹی میسر ہے وہ بھی میسر نہ ہو۔ سلیکٹڈ حکومت غربت کی بجائے غریب عوام کے خاتمے کیلئے اپنے عوام دشمن پالیسیوں اور ناروا اقدامات اٹھارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں ملک کے تمام عوام کی نظریں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب ہے عوام پی ڈی ایم کا ساتھ دیتے ہوئے اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاری کریں اور ان مسلط شدہ نااہل ناکام ناتجربہ کار سلیکٹڈ حکومت سے نجات حاصل کریں۔