پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے میتوں پر بھی پوائنٹ اسکورنگ کی، لیاقت شاہوانی
ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہاکہ ہمیں توقع تھی کہ اپوزیشن رہنما لواحقین کے زخموں میں مرہم رکھیں گے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ دونوں جماعتوں نے میتوں پر بھی پوائنٹ اسکورنگ کی۔
صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اپوزیشن رہنما کوئٹہ آئے، لواحقین سے ملے، ہمیں توقع تھی کہ اپوزیشن رہنما لواحقین کے زخموں میں مرہم رکھیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا، اپوزیشن رہنماؤں نے دبے الفاظ میں سیاست کی، محترمہ مریم نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے ذمہ داری دکھانا چاہیے تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ ہزارہ برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ہم یقین دلاتے ہیں کہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہیں آئیں گے، حکومت بلوچستان جلد افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر تک پہنچے گی، ہزارہ برادری کو ہر طرح سے سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی گزشتہ روز دھرنے پر گئے انہوں نے بھی سیکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی، ایک بار پھر ہم کہتے ہیں کہ برائے کرم میتوں کی تدفین کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت نے مچھ واقعے میں جا ں بحق کان کنوں میں اپنے شہریوں کی تصدیق کی ہے اور میتوں کی حوالگی کے حوالیسے درخواست کی ہے۔


