افغانستان، جھڑپوں میں 10فوجی اور8طالبان مارے گئے

فیض آباد:افغانستان کے شمالی صوبے بدخشاں کے ضلع جورم میں ہفتے کی صبح ہونیوالی جھڑپوں کے دوران کم از کم 10 افغان فوجی جوان اور 8 طالبان عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ یہ بات ذرائع نے بتائی۔صوبائی کونسل سے تعلق رکھنے و الے عبداللہ ناجی نذری نے شِنہوا کو بتایا کہ طالبان عسکریت پسندوں نے ہفتہ کے روز علی الصبح جورم کے علاقہ درہ خوستک میں مختلف مقامات پر افغان قومی دفاع اور سیکورٹی فورسز کی سیکورٹی چوکیوں پر حملے کیئے،سیکورٹی فورسز نے شدید لڑائی کے بعد حملہ آوروں کو پسپا کر دیا۔نذری نے کہا کہ گھنٹوں تک جاری رہنے والی لڑائی میں کم از کم 5 فوجی زخمی اور سیکورٹی فورس کے متعدد ارکان لاپتہ ہو گئے ہیں، مزید کہا کہ اموات کی تعداد بڑھ بھی سکتی ہے۔دریں اثنا افغان وزارت دفاع نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جورم کی چار چھوٹی چوکیوں سے حکمت عملی کے تحت پسپائی اختیار کی۔وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور طالبان عسکریت پسندوں کا جانی نقصان ہوا ہے میڈیا کو مزید معلومات بعد فراہم کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں