رومانیہ کے ہسپتال میں آتشزدگی، چار افراد ہلاک

رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ کے ایک ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے میں کم از کم چار افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔حکام کے مطابق اس ہسپتال کے گراؤنڈ فلور پر جمعے کو عالمی وقت کے مطابق صبح 5 بجے آگ بھڑک اُٹھی، جس کے سبب کم از کم چار مریض ہلاک ہو گئے اور 100 سے زائد افراد کو فوری طور پر ہسپتال سے نکال لیا گیا۔اس ہسپتال کا شمار رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ کے چوٹی کے ہسپتالوں میں ہوتا ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ اس طبی مرکز میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کا علاج بھی ہو رہا تھا۔ بلقان کی اس ریاست میں مہلک کورونا وائرس اٹھارہ ہزار افراد کی جانیں لے چُکا ہے۔ آگ لگنے کے واقعے کے سبب ہسپتال سے نکل جانے والے عملے کے چند اراکان بعد میں ماسک اور وائرس سے بچاؤ کے لیے مخصوص گاؤن پہنے دکھائی دیے۔

آگ بجھانے والے عملے کی کارروائیوں سے پہلے ہی متعدد افراد زخمی ہو چُکے تھے۔ اس بارے میں رومانیہ کی ایمرجنسی سروس نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں تصیلات شامل کیں۔ تاہم آتشزدگی کے اس واقعے کی وجوہات ہنوز معلوم نہیں ہیں۔

دریں اثناء وقوعہ پر موجود ‘انٹرونشن یونٹ‘ کے کمانڈر اورلنڈو شیپو نے بیان دیتے ہوئے کہا، ”ہم نے ہسپتال کی عمارت کی پہلی منزل پر آگ کے شعلے بھڑکتے دیکھے، ہر طرف دھواں ہی دھواں تھا اور ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ آگ کے یہ شعلے عمارت کی دوسری منزل تک پہنچ جائیں گے۔‘‘

اُدھر رومانیہ کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے چیف ریاض عرافات نے آتشزدگی کے اس واقعے کے متاثرین کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والے چاروں افراد ہسپتال میں زیرعلاج مریض تھے۔ امدادی ٹیم جب ان تک پہنچنی تو ان میں سے تین ہلاک ہو چُکے تھے، چوتھے کو بچانے کی کوشش کی گسی مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔‘‘چند گھنٹوں کے اندر بخارسٹ کے ‘متائی بالز‘ ہسپتال کی تمام بالکونیاں آگ میں جھلس چُکی تھیں۔ ہسپتال کے باہر آگ بجھانے والے عملے کی متعدد گاڑیاں اور ایمبولینسیں نظر آرہی تھیں۔

یہ ہسپتال کورونا کے حالیہ بحران کے دوران رومانیہ کا ایک اہم طبی مرکز بن چُکا تھا جہاں خاص طور سے کورونا وائرس کے سبب پیدا ہونے والی مہلک بیماری کووڈ انیس کے مریضوں کے علاج کا خصوصی بندوبست کیا گیا ہے۔ 19 ملین کی آبادی والی بلقان کی اس ریاست میں 7 لاکھ افراد کورونا وائرس کا شکار ہو چُکے ہیں جبکہ اٹھارہ ہزار افراد کو کووڈ انیس بیماری نگل چُکی ہے۔

مشرقی یورپ کے بلقان کے خطے میں قائم ملک رومانیہ اقتصادی طور پر پہلے ہی کمزور تھا اب کورونا وائرس کے پھیلاؤ نے یورپ کے دیگر ممالک کی رح اس ملک کی اقتصادیات پر بھی گہرے منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ اس کے علاوہ رومانیہ میں پہلے ہی سے بے روزگاری ایک با مسئلہ تھی، کورونا لاک ڈاؤن نے اس میں مزید اضافہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں