جھگڑے کی وائرل ویڈیو پر گلوکار بلال سعید کی وضاحت

حال ہی میں سوشل میڈیا پر گلوکار بلال سعید کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ ایک مرد اور ایک خاتون کے ساتھ مار پیٹ کرتے ہوئے نظر آئے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے دونوں فریقین آپس میں جھگڑ رہے ہیں اور گلوکار، خاتون سے بھی الجھتے نظر آئے جنہوں نے جوابی کارروائی بھی کی۔

وائرل ویڈیو میں پنجاب پولیس کی ایلیٹ سیکیورٹی یونٹ ‘ڈالفن فورس’ کے اہلکار بھی موجود ہیں جو فریقین کو روکنے کی کوشش کرتے نظر آرہے ہیں۔گزشتہ روز 5 فروری کو سامنے آنے والی یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔جہاں سوشل میڈیا صارفین نے بلال سعید کی اس ویڈیو پر حیرانی کا اظہار کیا تو کچھ نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کچھ صارفین کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ جن سے جھگڑا ہوا وہ شاید بلال سعید کے مداح ہیں۔
تاہم ایک ویب سائٹ گلیکسی لولی وڈ نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تینوں فریقین کے درمیان یہ جھگڑا رواں برس 10 جنوری کو ہوا تھا۔رپورٹ کے مطابق بلال سعید جس شخص کے ساتھ مار پیٹ کررہے ہیں وہ ان کا چھوٹا بھائی اور وہاں موجود خاتون ان کی بھابھی ہیں۔

مزید کہا گیا کہ دونوں بھائیوں کے مابین کسی معاملے پر اختلاف کی وجہ بعد میں مار پیٹ تک جاپہنچی تھی جس کے بعد بلال سعید کے پڑوسیوں نے ڈولفن فورس کو بلایا جو معاملہ حل کرنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔

رپورٹ کے مطابق گلوکار کے چھوٹے بھائی نے اس واقعے پر بلال سعید کے خلاف مقامی پولیس تھانے میں شکایت بھی درج کروائی تھی، جس کے بعد دونوں فریقین کو صلح کروانے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک ماہ بعد ویڈیو سامنے آنا بہت عجیب ہے، افواہوں کے مطابق یہ پبلسٹی کی کوشش ہے جبکہ دیگر کے مطابق بلال سعید کے پڑوس میں موجود ملازمین نے ویڈیو بنائی تھی جبکہ مالکان شہر سے باہر تھے جب وہ واپس آئے تو ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی گئی۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بلال سعید سے متعلق ہیش ٹیگ بھی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کررہا تھا اور صارفین کی جانب سے مختلف سوالات کیے جارہے تھے۔بعدازاں گلوکار بلال سعید کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹس فیس بک اور ٹوئٹر پر مختلف بیانات بھی جاری کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں