ادارے سیاست میں نہیں بیرکوں میں جائیں،مولانا فضل الرحمان

حیدرآباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ تمام ادارے قوم اور ملک کے خادم ہیں، ہم انہیں سیاست میں نہیں گھسیٹ رہے ہم کہہ رہے ہیں کہ بیرکوں میں جائیں۔حیدر آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نیب کرپٹ حکومت کا ایک مہرہ ہے، کرپشن کے حوالے سے نیب کو اپوزیشن کے خلاف انتقامی طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، مخالفین کو کرپٹ کہنے والے خود کرپٹ ہیں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے انہیں کرپٹ قرار دیا ہے، ان کی اپنی پارٹی کے اندر سے بھی احتساب کے حوالے سے آوازیں بلند ہو رہی ہیں، ہمارادامن صاف ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناکام کارکردگی کے نتیجے نے پورے ملک کے عوام حتیٰ کہ سرکاری ملازمین کو اس حد تک مجبور کر دیا کہ وہ اسلام آباد جائیں تاکہ ان کی چیخ و پکار سنی جا سکے، اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کا اپنے حق کے لئے مظاہرہ تھا لیکن بدکردارحکومت نے ملازمین پر جو تشدد کیا، اسے ریاستی تشدد سمجھتا ہوں، سرکاری ملازمین کے مسائل سے آگاہ ہیں، ہم ان کے احتجاج کا حصہ بنیں گے اور حکومت کے ظلم اور جبر کا پردہ چاک کرتے رہیں گے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہم ریاست کے ساتھ ہیں، اگر ریاست کے ادارے عوام کے خلاف کردار ادا کریں گے تو ہم چپ چاپ بیٹھے نہیں دیکھ سکتے، تمام ادارے قوم اور ملک کے خادم ہیں، ہم انہیں سیاست میں نہیں گھسیٹ رہے ہم کہہ رہے ہیں کہ بیرکوں میں جائیں، چاہتے ہیں ہر ادارہ اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرے، ہم ایک دوسرے کے علاقوں میں کیوں جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں