چمگادڑوں میں کورونا وائرس کی تشخیص

تھائی لینڈ:تھائی لینڈ میں چمگادڑوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تھائی لینڈ میں چمگادڑوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ماہرین نے اسے وائرس کی جڑ تک پہنچنے کے لیے اہم قدم قرار دیا ہے۔تھائی لینڈ میں سائنسدانوں کی ٹیم نے غار میں موجود چمگادڑوں میں وائرس کی تشخیص کی۔ چمگادڈوں میں مخصوص وائرس کے 90 فیصد جراثیم پائے گئے جو دنیا بھر میں عالمی وبا کے پھیلنے کا سبب بنے۔

بنکاک یونیورسٹی کے ریسرچرز کا کہنا ہے کہ یہ وائرس براہ راست انسانوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ یہ جانوروں سے ہی انسانوں میں منتقلی کا باعث بنا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کی اصل جڑ تک پہنچنے کے لیے چین کی سرحد کے پار بھی تحقیق کرنی ہو گی۔ واضح رہے کہ 2019 کی عالمی وبا کا ذمہ دار ابتدائی طور پر چمگادڑوں کو ہی قرار دیا گیا تھا۔

عالمی ادارہ صحت کی ٹیم کے سربراہ بین امبیرک کا کہنا تھا کہ ابھی تک سامنے آنے والی معلومات سے کورونا وائرس کی ابتدا کے بارے میں ہماری موجودہ تفہیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی۔ عالمی ادارہ صحت اور چین کے ماہرین کی مشترکہ ٹیموں نے ووہان انسٹی ٹیوٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور انہیں ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جس کی بنیاد پر یہ کہا جاسکے کہ وائرس کے پھیلنے کا آغاز اس تجربہ گاہ سے ہوا۔

بین امبیرک کا کہنا تھا کہ ابھی تک کے مشاہدے سے اندازہ ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ وائرس چمگادڑ سے کسی اور جانور میں منتقل ہوا ہے اور پھر وہاں سے انسانوں میں پھیلا ہے تاہم اس کے لیے ہمیں مزید شواہد جمع کرنا ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں