قلات میں شدید سردی، درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا، نظام زندگی مفلوج

قلات (نمائندہ انتخاب/فیض نیچاری) قلات میں شدید سردی کی لہر نے نظام زندگی مفلوج کردیا، درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا سائبریا سے آنے والی سرد ہواو¿ں کے باعث سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں بازار اور سڑکیں سنسان ہو کر رہ گئی ہیں محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قلات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔ شدید سردی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو چکی ہے دوسری جانب قلات میں کئی سالوں سے سوئی گیس کی مکمل بندش نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ علاقے میں گیس کنکشن اور پائپ لائنیں تو موجود ہیں مگر اس کے باوجود سوئی گیس کی فراہمی کئی سالوں سے ممکن نہیں بنائی جا سکی قلات جوکہ ملک کے سرد ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے یہاں شدید سرد موسم میں واحد سہارا بننے والی گیس کی عدم دستیابی عوام کے لئے اذیت کا سبب بن چکی ہے، عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ قلات کے عوام گیس کا استعمال محض اپنی اور اپنے بچوں کی جان بچانے کے لئے کرنا چاہتے ہیں، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہ بنیادی سہولت بھی فراہم نہیں کی جا رہی، شہریوں نے وفاقی محتسب اعلی قلات ریجن و دیگر حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ قلات میں فوری طور پر سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شدید سردی میں عوام کو ریلیف مل سکیں

اپنا تبصرہ بھیجیں