آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوری معاشرے کی ضرورت، صحافیوں کے تحفظ اور اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنایا جائے، کاشف حیدری
کراچی / کوئٹہ (این این آئی) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ آزاد، غیر جانبدار اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری اور مہذب معاشرے کے لیے ناگزیر ہے، اور یہی روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ عالمی یومِ آزادیِ صحافت کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں صحافت کی اہمیت اور اس کی آزادی برقرار رکھنے کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔ کاشف حیدری نے صحافی برادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ہر قسم کے دباو¿، مشکلات اور خطرات کے باوجود عوام تک سچ پہنچانے اور معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافت ریاست اور عوام کے درمیان ایک مضبوط پ±ل کی حیثیت رکھتی ہے اور صرف ایک آزاد میڈیا ہی عوامی آواز کو مو¿ثر انداز میں ایوانوں تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر کے صحافی انتہائی محدود وسائل اور کٹھن حالات میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں جو کہ قابلِ ستائش ہے۔ کاشف حیدری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے تحفظ، اظہارِ رائے کی آزادی اور بہتر پیشہ ورانہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ آزاد صحافت ہی ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔


