بانی پی ٹی آئی کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی خبروں میں صداقت نہیں، حکومتی ذرائع
اسلام آباد (آئی این پی) حکومتی ذرائع نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج کیلئے اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی خبروں کی تردید کر دی۔ ایک ٹی وی چینل کے مطابق عمران خان کو علاج کیلئے سخت سیکورٹی میں اڈیالہ جیل سے اسلام آباد منتقل کرنے کی خبر سامنے آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پمز اور الشفا آئی اسپتال کی میڈیکل ٹیم سابق وزیر اعظم کا طبی معائنہ کرے گی۔ تاہم اب حکومتی ذرائع نے اس کی تردید کردی ہے۔ یاد رہے کہ 3 مارچ 2026 کو پمز اور الشفا آئی اسپتال کے ڈاکٹرز نے عمران خان کی آنکھ کا طبی معائنہ مکمل کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا فالواپ چیک اپ اڈیالہ جیل میں ماہر امراض چشم ڈاکٹر عارف اور ڈاکٹر ندیم قریشی نے کیا۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ ڈاکٹرز نے عمران خان کی آنکھ کے مختلف ٹیسٹ کیے، انہوں نے سابق وزیر اعظم کی آنکھ کی بینائی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ سابق وزیراعظم کی اڈیالہ جیل سے اسلام آباد منتقلی سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کے معاملے میں وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی میں ایک بار پھر رابطہ ہوا ہے۔ پی ٹی آئی سے حکومت کے اعلیٰ ترین حکام کی جانب سے رابطہ کیا گیا، عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے اگلے چند گھنٹے میں اہم پیشرفت کا امکان ہے۔ پی ٹی آئی قیادت وزیراعلیٰ کے پی کے اہم رابطوں سے آگاہ ہے۔


