متحدہ عرب امارات کے اسرائیل میں متعین کردہ پہلے سفیرکی حلف برداری

دبئی:حاکمِ دبئی اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اسرائیل میں مقرر کیے گئے ملک کے پہلے سفیر محمد محمود الخاجہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یواے ای کی کابینہ نے گذشتہ ماہ تل ابیب میں اپنا سفارت خانہ قائم کرنے کی منظوری دی تھی جبکہ اسرائیل نے ابوظبی میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔اسرائیل نے اپنا دارالحکومت مقبوضہ بیت المقدس میں قائم کررکھا ہے اور وہ اس متنازع شہر کو اپنا دائمی دارالحکومت قرار دیتا ہے جبکہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اس کے اس دعوے کو تسلیم نہیں کرتی ہے۔سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا اور امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے اس شہر میں منتقل کردیا تھا۔ چند ایک اور ممالک نے بھی اپنے سفارت خانے مقبوضہ بیت المقدس میں منتقل کیے ہیں جبکہ بیشتر ممالک تل ابیب ہی کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہیں اور انھوں نے وہیں اپنے سفارت خانے برقرار رکھے ہوئے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں