کورونا، حکومت صرف کرپشن اور مفاد پرستی کے کاموں میں مصروف ہے، میر زابد ریکی

کوئٹہ:جمعیت علماء اسلام کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی میر زابد علی ریکی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کے اقدامات کو دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ اگر لوگ کورونا وائرس نہ مرے تو بھوک اور افلاس سے ضرور مرجائیں گے،واشک سمیت تما م سرحدی علاقوں میں سہولیات کا فقدان ہے حکومت غریب اور نادار افراد کے لئے جلد پیکج کا اعلان کرے ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل عملے کو حفاظتی کٹس فراہم نہ کرنے سے متعدد ڈاکٹر کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں، یہ بات انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر شعبے میں پہلے ہی ناکام ہوچکی تھی اب کورونا وائرس نے مزید حکومت کا پول کھول دیا ہے حکومت صرف کرپشن اور مفاد پرستی کے کاموں میں مصروف ہے جبکہ صوبے کی عوام کو کورونا وائرس کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غریب اور نادار مزدوروں او ر دیہاڑی دار طبقے کے لئے پیکج کا اعلان نہ کرنا باعث افسوس ہے حکومت کے تمام دعوے صرف پریس کانفرنسوں تک محدود ہیں واشک جو کہ سرحدی علاقہ ہے یہاں لوگوں کا روزگار بارڈر ٹریڈ سے منسلک ہے بارڈر بند ہونے کے بعد لوگ فاقوں پر مجبور ہوچکے ہیں حکومت سے مطالبہ ہے کہ واشک سمیت صوبے کے تمام سرحدی علاقوں کے لئے جلد از جلد پیکج کا اعلان کیا جائے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت صوبے بھر کے ہسپتالوں میں سہولیات کا فقدان ہے صوبے میں نہ ادویات ہیں،نہ کورونا وائرس کے مریضوں کو دینے کے لئے سہولیات اس کے ساتھ ساتھ فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹروں اور عملے کو بھی حفاظتی کٹس مہیا نہیں کی گئیں جسکی وجہ سے متعدد ڈاکٹر کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں اگر یہی صورتحال رہی تو صوبے میں کورونا وائرس پھیل کر تباہی مچا دے گا۔انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ بھی غریب اور نادار افرادکی بڑھ چڑھ کر امداد کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں