ناانصافی پر مبنی حل اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان مزید مشکلات پیدا کرے گا، پوپ
روم:پوپ فرانسِس نے مشرقِ وسطیٰ امن منصوبے کو ’غیرمنصفانہ‘ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس منصوبہ سے خطہ نئے تنازعے کا شکار ہو سکتا ہے۔بہ ظاہرامریکی صدر ٹرمپ کے پیش کردہ مشرقِ وسطیٰ امن منصوبے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں غیر منصفانہ حل اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان نئے تنازعات کا سبببنے گا۔ پوپ فرانسِس نے یہ بات جنوبی اطالوی بندرگاہی شہر باری میں بشپس کے ایک اجتماع سے ملاقات کے بعد کہی۔انہوں نے کہا، ”بحیرہء روم کا خطہ عدم استحکام اور تنازعات کے باعث پر خطرات کا شکار ہے، جہاں ایک طرف مشرق وسطیٰ اور دوسری جانب شمالی افریقی ممالک مختلف نسلی، مذہبی اور دیگر گروپوں کے جھگڑوں کا سامنا کر رہے ہیں۔“ انہوں نے مزید کہا، ”اسرائیلی اور فلسطینیوں کے درمیان تنازعے میں غیر منصفانہ حل سے پیدا ہونے والے خطرات کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، کیوں کہ اس سے وہاں نئے جھگڑے پیدا ہو سکتے ہیں۔“پوپ فرانسِس فلسطینیوں کے حقوق اور اسرائیل کی سلامتی، دونوں کے حق میں ہمیشہ آواز اٹھاتے ہیں تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے 28 جنوری کو پیش کردہ امن منصوبے کے بعد پوپ فرانسِس نے اس موضوع پر گفت گو کی ہے۔