جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافی خراج تحسین کے مستحق ہیں، امان اللہ خان یاسین زئی
کوئٹہ:گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ عوام میں حقوق و فرائض کا احساس اُجاگر کرنے میں صحافی حضرات کا کلیدی کردار ہیں. گورنر یاسین زئی نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے صحافی حضرات کی گرانقدر خدمات و قربانیاں خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں بلوچستان یونین آف جرنلسٹ کے صدر سلمان اشرف کی قیادت میں بی یو جے کا وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبے بھر کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندے بلوچستان کا مثبت امیج اُجاگر کرنے میں موثر کردار رہے ہیں،انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ آج بھی بلوچستان میں ایسے سنجیدہ، فہمیدہ اور اپنے شعبے سے بیلوث وابستگی رکھنے والے میڈیا پرسنز کی کمی نہیں ہے جو نہایت دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے مثبت پہلوؤں اور تصدیق شدہ خبروں پر توجہ مرکوز رکھیں کیونکہ منفی اور غیرتصدیق شدہ خبریں پھیلانے سے تمام معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہوجاتے ہیں،گورنر یاسین زئی نے کہا کہ آج کل میڈیا نہ صرف انٹرٹینمنٹ کا موثر ذریعہ ہے بلکہ علم و دانش تک رسائی کا ایک معتبر وسیلہ بھی ہے۔ وفد نے گورنر بلوچستان کو صحافیوں کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا اور اگلے ہفتہ ہونے والی اپنی یونین کی حلف برداری تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کرنے کی دعوت بھی دی گورنر بلوچستان نے ان کے درپیش مسائل ومشکلات کو غور اور توجہ سے سنا اور ان کے پائیدار حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی۔


