نواز شریف کی جان کی گارنٹی دینا ہمارا کام نہیں، شیخ رشید احمد

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جان کی گارنٹی دینا ہمارا کام نہیں ہے، یہاں تو اللہ کو ہی پتا ہے کہ کس کی جان کو خطرہ ہے اور کس کی جان کو نہیں ہے، اس ملک میں رینجرز اور ایف سی جانیں دے رہی ہے، اس ملک میں نوازشریف نے 3 بار حکومت کی ہے اس کے حالات کا انہیں اچھی طرح سے معلوم ہے۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے چند روز قبل نواز شریف کو پیغام پہنچایا تھا کہ وہ اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے حق میں نہیں ہین، جس کا آج انہوں نے واضح طور پر اعلان بھی کردیا، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کے اس فیصلے کے بعد مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز کیا فیصلہ کرتی ہیں اس کا انتظار ہوگا، جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی جماعت کی بھی ایک ملاقات ہوگی جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ انہوں نے اس پر کیا ردعمل دینا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جیسے جیسے اپوزیشن والے فیصلے کریں گے ویسے ہی اس کے مطابق ہم بھی اپنی حکمت عملی ترتیب دیں گے، حکومت کے خلاف احتجاج کی ان کو اجازت ہے لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن میں انہوں نے بڑی انویسٹمنٹ کی ہے جس مین سارے پیسے آصف علی زرداری کے لگے ہیں، آئندہ چند روز میں ساری صورتحال واضح ہوجائے گی کہ ان کی طرف سے کیا فیصلے کیے جاتے ہیں۔قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید نے دورہ قطر سے واپسی پر وزیراعظم عمران خان سے اہم ملاقات کی بھی ہے، اس ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے احتجاج پر بھی خصوصی گفتگو کی گئی، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی ملاقات میں ممکنہ دھرنے کی صورت میں حکومتی تیاریوں پر بھی بات چیت کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں