الیکشن کمیشن کے خلاف حکومتی عدم برداشت حیران کن ہے، شیری رحمان
اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمن نے کہاہے کہ حکومت کی ای سی پی کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی دھمکی قابل مذمت ہے۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ ای سی پی وزیراعظم کی ایما پر چلنے کو تیار نہیں ہے، الیکشن کمیشن کے خلاف حکومتی عدم برداشت حیران کن ہے۔ انہوں نے کہاکہ تباہی سرکار اداروں پر حملے کر کے ملک کو کہاں لے جا رہی ہی اپنے مفاد کی خاطر حکومت پاکستان کو آئینی بحران کی طرف دھکیل رہی۔شیری رحمان نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر سمیت پوری ای سی پی کو دھمکایا جا رہا ہے، ایک آئینی، آزاد اور خودمختار ادارے کی توہین کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ توہین عدالت کی کارروائی تو وزیراعظم پر ہونی چاہئے تھی، تباہی سرکار ادارے مظبوط کرنے کا دعوہ کرتی تھی، اب ان سے آزاد ادارے برداشت نہیں ہوتے، تمام جمہوری قوتیں ای سی پی کے ساتھ ہیں،حکومت اپنے غیر جمہوری اقدامات کا جائزہ لے۔ انہوں نے کہاکہ ایک خودمختار اور آئینی ادارے کو بلیک میل کرنا جرم ہے۔


