آزادی کیلئے قربانیاں دینے والوں کے نقش قدم پر چلنا چاہئے، نور محمد دومڑ

کوئٹہ:صوبائی وزیر پی ایچ ای / واسا حاجی نور محمد دومڑ نے کہا ہے کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے ہمیں دشمن قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہو گا اور مقصد کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا ہوگااور ملک کو آزادی دلانے والوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہمیں بھی ان کے نقش قدم پر چلنا چاہیے اسپورٹس معاشرے کی اصلاح لئے بہت ضروری ہے، اس لئے ہماری حکومت سپورٹس کی ترقی کے لئے پورے صوبے میں بلاامتیاز کام کر رہی ہے. 23 مارچ یوم آزادی کی مناسبت سے آل بلوچستان سائیکل ریس کے انعقاد پر بلوچستان سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت علی ترین، سیکرٹری جنرل گل محمد کاکڑ، ڈی ایس او پشین عطااللہ خان کو زبردست داد و تحسین پیش کرتا ہوں اور اپنی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتا ہوں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ائیرپورٹ روڈ پر آل بلوچستان ڈی سی پشین یومِ آزادی کوئٹہ تا پشین سائیکل ریس کیافتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا. اس موقع پر محکمہ سپورٹس، بلوچستان سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور معززین علاقہ بھی ہمراہ تھے صوبائی وزیر پی ایچ ای و واسا نور محمد دومڑ نے جھنڈا لہرا کر ریس کا باقاعدہ آغاز کیا. ریس کوئٹہ سے پشین 49 کلومیٹر پر محیط تھی جو کہ سائیکلسٹ نے ایک گھنٹے اور پانچ منٹ میں طے کیا. پشین ریسٹ ہاس میں اس موقع پر تقسیم انعامات کی ایک پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی صوبائی وزیر نور محمد خان دومڑ نے کچھ دیر خود بھی سائیکلسٹوں کے ہمراہ چل کر اس کو دیکھا اور اعلی معیار کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں