زمیندار ایکشن کمیٹی کی پہیہ جام ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی
کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں زمیندار ایکشن کمیٹی کی جانب سے آج کے پہیہ جام ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل،ناکام سلیکٹڈ صوبائی حکومت کے متعصب وزیر اعلیٰ اور ان کے اتحادیوں کی عوام دشمن پالیسیاں اور اقدامات ہر شعبہ زندگی کو پائمال کرتے جارہے ہیں تمام صوبہ اور ہر شعبہ زندگی کے عوام سراپا احتجاج ہیں اور صوبے بھر میں بجلی نہ ہونے کے باعث فصلیں اور باغات کی تباہی سے دوچار ہے جبکہ سلیکٹڈ او رنام نہاد صوبائی حکومت زراعت کے شعبے میں سبسڈی نہ دینے کی راہ اپنا کر صوبے کی زراعت کو مکمل تباہ کرنا چاہتی ہیں جبکہ متعصب وزیر اعلیٰ نے صرف اپنے ضلع لسبیلہ کی سبسڈی ادا کرکے اپنی نااہلی اور تعصب بدنیتی او رباقی صوبے کوغیر سمجھ کراپنے مکروہ ارادے کو آشکارہ کردیا ہے۔ اور اب بجلی کی بندش سے صوبے بھر کے زمیندار، بزگر اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں یہ بہانا کیا جاتا تھا کہ صوبے میں بجلی کی ترسیل کی لائنیں نہیں لیکن اب تو ترسیل کی لائنیں بھی موجود ہیں اوپھر بھی بجلی نہیں دی جارہی ہے۔ اس وقت بجلی ترسیل کی صلاحیت 1250میگاواٹ ہے جبکہ صوبے کو 300میگاواٹ سے زیادہ بجلی مہیا نہیں۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی سلیکٹڈ صوبائی حکومت، صوبائی وزیر اعلیٰ اور ان کے اتحادیوں کی اس عوام دشمن اقدام کی مذمت کرتے ہوئے زمیندار ایکشن کمیٹی کی جانب سے آج کے پہیہ جام ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ اور نام نہاد صوبائی حکومت پرواضح کرتی ہے کہ وہ کیسکو کو سبسڈی کی مد میں ادائیگی کرکے صوبے بھر میں بجلی کی ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ بصورت دیگر پارٹی صوبے کے زمیندار اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام کی تائید وحمایت سے احتجاج کی راہ اپنائیگی۔ جس کی تمام تر ذمہ داری سلیکٹڈ حکومت اور ان کے اتحادیوں پر عائد ہوگی۔


