بلوچستان،این سی او سی کی گائیڈ لائن کے مطابق تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ ہوگا،ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی
کوئٹہ:پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کا موجودہ تناسب چھ فیصد تک ہے اور آٹھ مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں این سی او سی کی گائیڈ لائن کے مطابق تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ کوویڈ کی آٹھ فیصد شرح پھیلاؤ کے بعد کیا جاتا ہے لہذا پہلی جماعت سے آٹھویں تک کی بندش کا اطلاق اسوقت تک بلوچستان کے کسی ضلع میں نہیں ہوتا خدانخواستہ کورونا کا شرح تناسب بڑھا تو صورتحال کو دیکھتے ہوئے محدود سطح پر تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ محکمہ تعلیم کی مشاورت سے کیا جائے گا۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت این سی او سی کے قومی مشاورتی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان تعلیمی لحاظ سے پہلے ہی دیگر صوبوں سے پیچھے ہے اور گزشتہ سال کورونا وائرس کی وباء کے دوران تعلیمی اداروں کی بندش کے باعث ملک کے میڈیکل کالجز میں داخلے کے انٹری ٹیسٹ میں بلوچستان کے طلبہ دیگر تینوں صوبوں سے بہت پیچھے رہے ہمیں ایسی موثر تعلیمی اسٹریٹیجی اپنانی ہوگی جس سے ہمارے طلبہ کا تعلیمی کیرئیر مزید متاثر نہ ہو ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ وزارت تعلیم بلوچستان سے مشاورت میں طے پایا ہے کہ محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم مانیٹرنگ کا موثر میکنزم تشکیل دیں گے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے کوویڈ کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور پوزیٹو کیسسز میں اضافے کی صورت میں ٹارگیٹڈ اپروچ کی جانب جائیں گے پارلیمانی سیکرٹری صحت بلوچستان نے تجویز دی کہ ماس ویکسینیشن کے عمل میں اساتذہ کرام کو ترجیح بنیادوں پر ویکسینیشن کی جائے انہوں نے کہا کہ این سی او سی کوویڈ کی تشخیصی استعداد کار میں اضافے کے لئے اندرون بلوچستان پی آر سی لیبارٹریوں کے قیام کے ضمن میں ابتدائی کمنٹمنٹ کے مطابق بلوچستان سے معاونت کو یقینی بنائے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیمی اداروں سے متعلق محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کا موقف ایک ہی ہے اور دونوں محکمے ایک پیج پر ہیں این سی او سی کی گائیڈ لائن کے مطابق بلوچستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تناسب، زمینی حالات و حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم ٹارگیٹڈ اپروچ میں قابل عمل اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔


