بلوچستان میں کورونا کیسز کی شرح 10فیصد تک پہنچ گئی ہے،لیاقت شاہوانی

کوئٹہ: حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کورونا کیسز کی شرح 10فیصد تک پہنچ گئی ہے، کورونا کیسز میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ تعلیم نے تمام سرکاری و نجی پرائمری اور مڈل سکولوں کو عید کے چوتھے دن تک بند کرنے کے احکامات جاری کئے، کالجز اور جامعات میں مجموعی طو رپردرس و تدریس کا عمل ایس او پیز کے تحت جاری رہے گا، باامرمجبوری سخت فیصلے کرنا پڑرہے ہیں عوام اور تاجر تعاون کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث صوبائی حکومت نے سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا اور جب کورونا کیسز کی شرح 9فیصد تک پہنچی تو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ سمیت مارکیٹیں اور دکانیں ہفتے اور اتوار پر پابندی عائد کردی ہے تاہم گزشتہ ہفتے بعض علاقوں میں دکانیں اور مارکیٹیں کھلی رہیں جس پر بہت سے دکانوں کو جرمانہ کیا گیا ہے اس سلسلے میں تاجر تنظیموں سے بات کی ہے اور کوشش ہے کہ ہفتہ اور اتوار کو دکانیں اور مارکیٹیں مکمل طور پر بند ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عام دنوں میں دکانیں اور مارکیٹیں سحری سے شام 6بجے تک کھلے رہیں گی جبکہ ریسٹورنٹس ٹیک اوے سروس اور آؤٹ ڈور ڈائننگ کے تحت کھلے افطاری سے رات 12بجے تک کھلے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کورونا کیسز کی شرح 10فیصد تک پہنچ گئی اور کورونا کے تیسری لہر کے دوران بچے پہلے کی نسبت زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور گزشتہ روز این سی او سی کی میٹنگ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند سمیت تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم شریک تھے اس اجلاس میں بھی یہ تجویز آئی کہ جہاں کیسز 8فیصد سے زیادہ ہوں وہاں پرائمری اور مڈل سکول بند کئے جائیں اس تمام تر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد گزشتہ شام کو محکمہ تعلیم بلوچستان نے صوبے میں تمام سرکاری و نجی پرائمری اور مڈل سکول عید کے چوتھے روز تک بند کرنے کے احکامات جاری کئے، کیسز کم ہوئے تو عید کے سکول کھول دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نجی سکول مالکان بچوں کی زندگیوں سے نہ کھیلے اگر بند نہ کئے گئے تو ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نہم سے 12ویں تک کی کلاسز اور امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔ سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وویمن یونیورسٹی کو ایک ہفتے کے لئے بند کردیا گیاہے اس کے علاوہ جامعہ بلوچستان کے 3ڈیپارٹمنٹس میں کیسز رپورٹ ہونے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے ایک دن کے لئے کلاسز بند کردیئے ہیں اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ ہی کلاسز جاری رکھنے یا بند کرنے کا فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کیسز میں اضافہ کے باعث حکومت کو سخت فیصلے کرنے پڑے ہیں کیونکہ ڈیڑھ ماہ کے دوران کل کورونا کیسز کی تعداد4سو جبکہ گزشتہ 40دنوں کے دوران کیسز کی تعداد 16سو تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت نے صوبے میں کورونا سے بچاؤ کے ویکسین ل گانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے اب تک 16ہزار ایک سو افراد کی ویکسینیشن کی جاچکی ہے جس کا سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔انہوں نے کہاکہ کورونا کی پہلی لہر کے دوران ماسک نہیں مل رہے تھے اب ایسا نہیں اس وقت صرف اور صرف احتیاط کی ضرورت ہے۔ ا نہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت رمضان المبارک کے دوران سستے بازاروں کو فعال بنا رہی ہے اس سلسلے میں یوٹیلیٹی سٹورز حکام سے بات چیت ہوئی جو سامان فراہم کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں