جاپان ، لٹویا ہاسٹل میں آتشزدگی ، 8 افراد جھلس کر ہلاک

ریگا(شِنہوا)لٹویا کے دارالحکومت ریگا شہر کے ایک ہاسٹل میں لگنے والی آگ کے باعث 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔فائر اینڈ ریسکیو سروس نے بدھ کے روز بتایا کہ صبح تقریبا 4 بجکر 40 منٹ(صبح 6 بجکر 30 منٹ پاکستانی وقت) پر 6 منزلہ عمارت کی اوپری منزل کے کمروں اور چھت پر لگی آگ کو بجھانے کیلئے فائر فائٹرز کو بلایا گیا۔ اس عمارت میں جاپانی طرز کا سینٹرم ہاسٹل قائم ہے۔ریاستی فائر اینڈ ریسکیو سروس کی ایک نمائندہ ایگریٹا ویٹولا نے عوامی ریڈیو پر بتایا کہ آتشزدگی کا شکار ہونیوالی عمارت سے 8 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ مزید 6 افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور 20 افراد کو بحفاظت ہاسٹل سے باہر نکال لیا گیا ہے۔مقامی میڈیا نے ہاسٹل میں رہنے والی ایک عینی شاہد وکٹوریجا کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس نے آگ لگنے سے قبل دھماکے کی آواز سنی اور اس دھماکے سے پہلے ہاسٹل میں رہنے والے متعدد غیر ملکی کرایہ داروں کے مابین جھگڑا ہوا تھا۔امدادی کارروائی جاری ہے اور آگ بجھانے والے عملہ کے 53 اراکین آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہاسٹل کے آس پاس کا علاقہ ٹریفک کیلئے بند ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں