اب تک ڈاکٹروں کو کوئی حفاظتی کٹس اوردیگر آلات میسر نہیں دئیے ہیں، پشتونخوامیپ
کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں کروناوائرس کے مریضوں کا سرکاری ہسپتالوں میں علاج کرنے والے ڈاکٹروں،پیرامیڈیکس سٹاف اور علاج کے دیگر عملے کو حفاظتی کٹس فراہم نہ کرنے یا غیر معیاری کٹس ودیگر آلات وادوئیات کے خلاف ڈاکٹرز کے پر امن احتجاج پر لاٹھی چارج، انہیں زدکوب کرنے تشدد کرنے پر سخت تشویش اور دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے سلیکٹڈ حکومت کے اس رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے وباء سے پوری دنیا اس وقت متاثر ہیں اب تک لاکھوں لوگ اس وباء سے بیمار اور ہزاروں لوگ جاں بحق ہوئے ہیں اور دنیا بھر میں کرونا وائرس سے بچنے کیلئے حکومتوں نے بڑے پیمانے پر کام کیا اور بالخصوص کرونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر ڈاکٹروں نے اپنے فرائض سرانجام دیئے اور کہیں ڈاکٹروں نے اپنی جانیں بھی گنوا دی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے ملک اور صوبے میں بھی ڈاکٹرزاپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اس جان لیوا مرض کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج ومعالجہ میں شب وروز لگے ہوئے ہیں اوران ڈاکٹرز کا روز سے اول یہ مطالبہ رہا ہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO)کے SOPکے مطابق انہیں حفاظتی کٹس اور ہر قسم کی ساز وسامان دی جائیں لیکن حکومت نے اب تک ڈاکٹروں کو کوئی حفاظتی کٹس اوردیگر آلات نہیں دئیے ہیں جس کی وجہ سے تقریباً15ڈاکٹرز کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں اور آج جب ڈاکٹرز اپنے جائز وبرحق مطالبات کے حق میں جی پی او چوک پر پر امن دھرنا دیئے ہوئے تھے تو سلیکٹڈ حکومت نے بلاوجہ ڈاکٹروں پر تشدد کیا اور انہیں گرفتار کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مجموعی صورتحال یہ ہے کہ حکومت کے پاس کرونا وائرس میں مبتلا مریضوں کے ٹیسٹ کیلئے بھی کٹس تک نہیں ہیں اور نہ ہی دیگر انتظامات موجود ہیں اس سے پہلے تفتان میں جو کچھ ہوا اور پھر ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہونا وہ بھی ہمارے عوام کے سامنے ہیں۔ معیاری حفاظتی کٹس ودیگر آلات کی عدم دستیابی حکومت اور محکمہ صحت کی ناکامی کی واضح ثبوت ہیں اسی طرح کوئٹہ شہر میں بیماری کے دن بدن بڑھنے اور اضافہ ہونے سے شہر کے باسیوں میں بھی شدید تشویش پائی جاتی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کروناء وائرس سے نمٹنے اور ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس سٹاف اور محکمہ صحت کے دیگر عملے کو علاج ومعالجے کی سہولیات،حفاظتی کٹس ودیگر آلات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ پشتونخوامیپ دنیا کے ان ممالک اور ڈونر ز ایجنسیوں کا خیر مقدم کریگی اور ان کا شکریہ ادا کرتی ہے جو ہمارے صوبے کو کرونا وائرس کے مرض سے نمٹنے کیلئے حفاظتی کٹس ودیگر آلات مہیا کریگی۔کیونکہ اس خطرناک بیماری وباء سے نبردآزما ہونے کیلئے ڈاکٹروں کو ہر قسم کے حفاظتی کٹس اور دیگر آلات فراہم کرنا لازمی ہے تاکہ ڈاکٹر زاپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے کروناوائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج ومعالجہ کیلئے ہر سہولت بروئے کار لائیں۔بیان میں پشتون بلوچ صوبے، ملک اور دنیا بھر کے تمام ڈاکٹرز، پیرا میڈیک سٹاف ودیگر عملے کو خراج تحسین پیش کی گئی ہیں جنہوں نے کرونا وائرس کی بیماری سے نمنٹے کیلئے اپنی جان خطرے میں ڈال کرتمام مریضوں کے علاج ومعالجے کیلئے اپنے فرائض بخوبی سرانجام دیئے۔ پارٹی بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام گرفتار شدگان ڈاکٹرز کی فی الفور رہائی کو یقینی بناتے ہوئے تشدد میں ملوث پولیس آفیسران واہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔