عمران خان سعودی عرب کے تین ارب ڈالر کے قرضے کی واپسی کی وجوہات بتائیں،بلاول بھٹو

لاہور:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے تین ارب ڈالر کے قرضے کی واپسی کی وجوہات عوام کے سامنے رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ المیہ یہ ہے کہ سعودی ارب کو تین ارب ڈالر کا قرضہ واپس کرنے کے لئے عمران خان نے چین سے قرضہ لیا، کبھی قرض نہ لینے کا اعلان کرنے والے عمران خان پوری دنیا میں کشکول اٹھائے گھوم رہے ہیں، وزیراعظم صاحب بے شک آپ کو چندے مانگنے کا وسیع تجربہ ہے مگر چندوں پر ملک نہیں چلتے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کی انہی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے،پونے دولاکھ روپے قرضے کے بوجھ تلے دبا ہر پاکستانی عمران خان کی نااہلی کی قیمت ادا کررہا ہے، قرضہ لے کر اگر یونہی کرپشن میں اڑایا جاتا رہے گا تو عام آدمی مہنگائی کی چکی میں اسی طرح پِستا رہے گا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان بنی گالا کے محل سے باہر نکلیں تو انہیں علم ہو کہ عام آدمی عید کی تیاری کیلئے بھی معاشی لحاظ سے پریشان ہے، پاکستان کا ہر انسان عمران خان کی تبدیلی کے سونامی کی ایک خوف ناک قیمت ادا کررہا ہے، حکومت میں اتنی بھی سکت نہیں کہ گردشی قرضوں کے بحران کی وجہ سے چینی حکومت کو سی پیک کے اربوں روپے کے واجبات ادا کرسکے، ایم ایل ون ریلوے ٹریک کیلئے چھ ارب ڈالر کے فنڈز جاری کرنے میں چینی حکومت کی ہچکچاہٹ دراصل پی ٹی آئی حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنیاں پی ٹی آئی حکومت پر اپنے عدم اعتماد سے چینی حکومت کو بھی آگاہ کرچکی ہیں، غیر ملکی سرمایہ دار اور حکومتیں عمران خان کی نااہل حکومت کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری سے جھجک رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں