امریکی مسلمانوں کا اسرائیل کی حمایت پر وائٹ ہاؤس کی عید ملن کا بائیکاٹ

واشنگٹن: امریکی مسلم تنظیموں نے اسرائیل کی حمایت کرنے پر وائٹ ہاؤس کی عید ملن کا بائیکاٹ کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق معروف اور بڑی مسلم انجمنوں نے وائٹ ہاؤس کی عید ملن کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ضمیر انہیں اس عید ملن میں شرکت کی اجازت نہیں دیتا کیونکہ اسرائیل غزہ میں معصوم فلسطینیوں کا قتل عام کررہا ہے اور امریکا اسرائیل کی نہ صرف مدد کررہا ہے کہ بلکہ اس کی بمباری کو درست بھی قرار دے رہا ہے۔وائٹ ہاؤس میں ہر سال مسلمانوں کو عید ملن دی جاتی ہے اور اس سال صدر جوبائیڈن کی طرف سے کورونا کے باعث آن لائن عید ملن کی تقریب ہوئی جس میں مسلم تنظیموں کی نمائندوں نے شرکت نہیں کی۔مسلم انجمنوں کے مطابق امریکی حکومت نے حالیہ بیانات میں اسرائیل کی مکمل حمایت کی ہے اور اسے بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دار قرار نہیں دیا۔ کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نہاد عواد نے کہا کہ ہم بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ عید نہیں مناسکتے جو معصوم بچوں، خواتین اور مردوں پر اسرائیلی بمباری کی حمایت کررہی ہے، صدر جوبائیڈن کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ناانصافی کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔امریکن مسلم فار فلسطین نے بھی عید ملن میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن کی اس بے حسی کا سخت جواب دینا ضروری ہے، ہم وائٹ ہاؤس کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ فلسطینیوں کی قیمت پر سیاسی مقاصد کے لیے ہماری عید کا استحصال اور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں