امریکی ساختہ اسلحہ کی معصوم فلسطینیوں پر بارش ہورہی ہے، جواد ظریف
تہران:امریکا کی اسرائیل کو735ملین ڈالر اسلحہ دینے کی منظوری پر ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے ردعمل دیتے ہوے کہا ہے کہ امریکی ساختہ اسلحہ کی معصوم فلسطینیوں پر بارش ہورہی ہے، امریکا نے مزید بچے مارنے کے لئے اسرائیل کو 735 ملین ڈالر کے پریسیشن میزائل دیے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا نے اقوام متحدہ کا معتدل ترین ممکنہ بیان رکوادیا، دنیا اسرائیل اور اسکے حامیوں کے بدصورت چہرے دیکھ رہی ہے۔واضح رہے کہ بائیڈن انتظامیہ نیاسرائیل کو735ملین ڈالر اسلحہ فروخت کی منظوری دیدی ہے میڈیا رپورٹ کے مطابق کانگریشنل ذرائع کا کہنا ہے کہ کانگریس کواسرائیل کو اسلحہ کی کمرشل فروخت سے متعلق 5 مئی کو نوٹی فائے کردیاگیا تھا۔ امریکی کانگریس کے پاس نوٹیفکیشن موصول ہونے کے بعداعتراض کیلئے15 دن کا وقت ہوتاہے تاہم امریکی لاء میکرز کی جانب سے اسرائیل اسلحہ ڈیل پر اعتراض متوقع نہیں ہے۔ دریں اثنا ترجمان امریکی دفترخارجہ نے خبر پر ردعمل سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ فیڈرل قانون کے تحت انہیں اسلحہ کی کمرشل سیل سے متعلق عوامی سطح پربیان دینے کی اجازت نہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ حالیہ تشدد پرگہری تشویش ہے،پائیدار امن کے قیام کیلئے کام کر رہے ہیں۔


