بلوچستان اسمبلی میں بھی جرنلسٹ پروٹیکشن بل لایا جائے، بی یو جے

کوئٹہ :بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں جرنلسٹ پروٹیکشن بل پیش کرنے پر وزیراعظم عمران خان،اپوزیشن لیڈر شہباز شریف،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت قومی اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی قائدین،وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور وزیر انسانی حقوق شریں مزاری،وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ،وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ اور سندھ اسمبلی کی تمام پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کا شکریہ ادا کیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس بل کو قومی و سندھ اسمبلی سے متفقہ طور پر منظور کیا جائے گااور صحافیوں کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ بی یوجے کے صدرسلمان اشرف بھٹی،سینئرنائب صدر شاہ حسین ترین،نائب صدر فرید اللہ خان،جنرل سیکرٹری فتح شاکر،سینئر جوائنٹ سیکرٹری حفیظ اللہ شیرانی، جوائنٹ سیکرٹری فتح گلاب ،سیکرٹری فنانس کفایت علی اور ممبران ایگزیکٹو کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور سندھ حکومت نے پی ایف یو یوجے، اور صحافتی تنظیموں کے مطالبہ پر جرنلسٹ پروٹیکشن بل کا مسودہ تیار کیا اور اتفاق رائے سے قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں پیش کیا۔ بی یوجے کی جانب سے جاری بیان کہا گیا ہے کہ اس بل کے ذریعے نہ صرف صحافیوں کے تحفظ اور انہیں سننے کے لئے کمیشن قائم کیا جائے گا بلکہ اب صحافی سے خبر کے ذرائع بھی نہیں پوچھے جائیں گے اس قانون کے ذریعے میڈیا مالکان پر ذمہ داری ڈالی گئی ہے کہ وہ صحافیوں اور میڈیا پروفیشلز کی انشورنس کروانے کے پابند ہوں گے جبکہ صحافیوں کی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گااور ان کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کے اقدمات کیے جائیں گے۔پی یوجے کے صدر سلمان اشرف نے مطالبہ کیا کہ قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی کی طرح بلوچستان، پنجاب اسمبلی، اور خیبر پختونخوا اسمبلی سے بھی اس نوعیت کے جرنلسٹ پروٹیکشن بل لا کر قانون سازی کی جائے۔ صحافیوں کے تحفظ کے قانون سازی کا عمل شروع ہونے پر پی ایف یوجے کے صدر شہزادہ ذوالفقار، سیکرٹری جنرل ناصر زیدی سمیت ایف ای سی اور کے یوجے کے صدر نظام صدیقی اور جنرل سیکرٹری فہیم صدیقی کو بھی مبارک دی جبکہ سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے رہنماآئی اے رحمان مرحوم کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اس بل کا مسودہ خود اپنے ہاتھوں سے تحریر کیا اور پھر اپنی زندگی میں اس بل کو اعلی ایوان میں پیش کرنے کے لئے جدوجہد کی۔ بی یو جے کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں آزادی صحافت۔،آزادی اظہار اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے پاکستان کی صحافی قیادت معاشرے کے تمام طبقات کے ساتھ مل کر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں