انٹرپول کی وارننگ کے باوجود خطرناک مواد سے بھرا بحری جہاز گڈانی پہنچ گیا
حب (انتخاب نیوز)ذرائع کے مطابق خطرناک مواد سے بھرا جہاز توڑنےکے لیےگڈانی شپ بریکنگ یارڈ لایا گیا ہے جب کہ انٹرپول نے 22 اپریل کو پاکستان انٹرپول اور ایف آئی اے کو جہاز روکنے کے لیےکہا تھا، جہاز میں 15 سو ٹن انتہائی خطرناک مرکری ملا تیل کا سلیج موجود ہے۔
خطرناک مواد کی وجہ سے بحری جہاز کو بنگلا دیش اور بھارت نے اجازت نہیں دی تھی، ممبئی میں جہاز کا نام تبدیل کرکے ایف ایس او راڈینٹ سے چیریش کردیا گیا،نام تبدیل کر کے بحری جہاز چیریش 21 اپریل کوممبئی سےکراچی پہنچا،جہازمالکان نے متعلقہ حکام کی مبینہ ملی بھگت سے جہاز 30 اپریل کوگڈانی پہنچادیا۔
ذرائع کے مطابق ای پی اے بلوچستان نےمتعلقہ اداروں کی رپورٹ کے بغیر ہی جہاز کاٹنےکی اجازت دےدی، انٹرپول کےخط پر وزارت ماحولیاتی تبدیلی اور وزارت بحری امور سمیت 3 وفاقی وزارتیں صرف خطوط کا تبادلہ کرتی رہیں،ایم ایس اے، ای پی اے بلوچستان اور کسٹمز ممنوعہ مواد لانے والے جہاز کو روکنے کے ذمہ دار تھے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے فیس بک پیج پر بھی بحری جہاز چیریش کے ساحل پرلگنے کی اطلاع دی گئی۔
خیال رہے کہ 2016 میں بھی گڈانی میں خطرناک مواد والے جہازپر آگ لگنے سے درجنوں مزدور جاں بحق ہوگئے تھے۔


