شہباز شریف کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات،ملکی سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم کی بحالی پر اتفاق
اسلام آباد :پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کو پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اپورزیشن لیڈر شہباز شریف جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی عیادت کیلئے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے، قائد حزب اختلاف نے پی ڈی ایم کے صدر کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا،مولانا فضل الرحمن نے جیل سے رہائی پر شہباز شریف کو مبارکباد دی۔ ذرائع کے مطابق دونوں راہنماؤں نے مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس جلد بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا، شہباز شریف نے زور دیا کہ عوام مہنگائی کے ہاتھوں بری طرح پس چکی ہے، موجودہ حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو آگاہ رکھنا ضروری ہے۔مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ دنوں پیپلزپارٹی اور اے این پی کی قیادت سے رابطوں سے بھی آگاہ کیا، ملاقات میں مریم اورنگزیب، عطاء اللہ تاڑڑ، مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا اسعد محمود، اسلم غوری شریک ہوئے، دونوں رہنماؤں نے آخر میں ون آن ون ملاقات بھی کی۔


