پی ڈی ایم میں موجود جماعتیں ایک پیج پر ہیں،حافظ حمد اللہ

کوئٹہ :جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما اورپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافط حمداللہ نے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ مولانافضل الرحمان انتشار نہیں بلکہ آپ کے لیڈر عمران خان سے عوام کی چوری شدہ ووٹ کاحساب لینے کیلئے ایک بار پھر میدان میں آرہاہے، عمران خان اور ان کی گالم گلوچ بریگیڈ نے گالیوں دھمکیوں اور جھوٹ پر مبنی تقریروں کے علاوہ عوام کے لئے کیا کام کیاہے؟انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں موجود جماعتیں ایک پیج پر ہیں جن کا بیانیہ فری اینڈ فئیر الیکشن ہے۔انہوں نے کہا کہ 25جولائی 2018کو الیکشن RTS سسٹم کو راتوں رات بند کرکے انتخابی نتائج تبدیل کرکے ملک پر نام نہاد کٹھ پتلی حکومت مسلط کی گئی جو جمہوریت کے چہرے پر سیاہ دبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران اب ایک بار پھرانتخابی اصلاحات کے آڑ میں ووٹنگ مشین کو استعمال کرکے آنیوالے انتخابات میں فری پول رگینگ کرنے کاارادہ رکھتے ہیں اس سلسلے میں پی ڈی ایم نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے حکومتی پیشکش کو مسترد کردیاہے انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری یہ بتائیں کہ ترین گروپ کا کیا ہوا، کہاں گیا آپکی انصاف اور احتساب کانعرہ؟کہاں ہے ایک ملک ایک قانون؟یہاں تو ترین کیلئے ایک قانون باقیوں کے لئے دوسراقانون؟آپ پی ڈی ایم کو چھوڑئیے اپنی پارٹی کی اندرونی انتشار پر توجہ دیں آپ اور آپکی حکومت یہ بتائیں کہ صحافی ابصارعالم کوگولی کس نے ماری ان کے مقدمہ میں اب تک کیا پیش رفت ہوئی؟کیا صحافت آزاد ہے؟کیا اظہار رائے کی آزادی پر قدغن نہیں؟انہوں نے کہا کہ چوھدری فواد یہ بھی بتائیں کہ اسد علی طور صحافی کو بھی سچ بولنے کی سزادی جارہی ہے؟انہیں گھر میں مسلح لوگوں نے گھس کر تشدد کرکے زخمی کیا۔کون تھے تشدد کر نے والے کیا تم اور تمہاری حکومت صحافیوں کو تحفظ دے سکیں گے؟دعوی کرتے ہو مدینے کی ریاست کی مگر وفاقی دارالحکومت صحافیوں کو تحفظ حاصل نہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں تمام خرابیوں ناکامیوں اور بدامنی کا ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں