جھالاوان میڈیکل کالج کے تحفظ کے لئے عوامی نمائندگان، سول سوسائٹی و سیاسی جماعتوں کی جدوجہد کرنا امید کی کرن ہے،عبدالحمید بلوچ
خضدار: آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالحمید بلوچ جنرل سیکریٹری بشیراحمد جتک نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہاہے کہ خضدا رکے اعلیٰ تعلیمی ادارہ جھالاوان میڈیکل کالج کے تحفظ کے لئے عومی نمائندگان سول سوسائٹی و سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور ورکرز کی جانب سے جدوجہد کرنا امید کی کرن ہے اس کو آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی حوصلہ افزا عمل سمجھتی ہے اس سلسلے میں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں کی گزشتہ روز رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری سے ملاقات ہوئی اور انہیں خضدار کے عوام کے تحفظ اور خدشات سے آگا ہ کیا گیا اور ان سے درخواست کی گئی کہ اس اہم نوعیت کے مسئلے پر عوامی نمائندہ خضدار کے عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے بلوچستان حکومت کے سامنے ایک واضح موقف رکھے۔ اس سلسلے میں رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے بلوچستان اسمبلی میں اہم تعلیمی ادارہ جھالاوان میڈیکل کالج کے مسئلے پرمدلل اندازو تمام ثبوتوں کے ساتھ بات کرکے حکومت پر واضح کیا کہ وہ اپنے ارادوں کو ترک کرکے بلوچستان کی نئی نسل کے لئے بننے والے تعلیمی اداروں کو معدوم ہونے سے بچائے اور ان تعلیمی اداروں کے فوری قیام کو یقینی بنائے۔یقینا میر یونس عزیز زہری کی جانب سے بلوچستان اسمبلی میں تقریر اور جھالاوان کے عوام کی نمائندگی اطمینان بخش ہے۔ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی ہر اس اقدام کی تعریف کرتی ہے جو کہ اجتماعی ہوعوام کے بنیادی مسئلے پر ہو اور مفادِ عامہ کے لئے ہو۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جھالاوان میڈیکل کالج کی منتقلی کی کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دی جاسکتی ہے پورا خضدار و جھالاوان اس معاملے پر یک زبان ہے اور حکومت کے اس عمل کے خلاف بھر پور سیاسی مزاحمت کی جائیگی۔


