اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہوئی تو حکومت گھر چلی جائیگی، مولانا فضل الرحمان

بھکر:سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہوئی تو حکومت گھر چلی جائیگی، گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھی مداخلت کی جارہی ہے،اگر پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی اپنے کیے پر نادم ہیں تو پی ڈی ایم کے دروازے کھلے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت مخالف مہم کیلئے تمام آپشنز کھلے ہیں،پی ڈی ایم عوام میں واپس جا رہی ہے اور 4 جولائی کو سوات میں پاور شو کریں گے۔سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک معاشی لحاظ سے تباہ ہوچکا ہے، بجٹ میں جھوٹ بولنے کی تیاری مکمل ہے۔ حکومتی اقدامات سے نہیں بلکہ کورونا کی وجہ سے ملنے والی رقم کے باعث معیشت بہتر ہوئی۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہو، جو ابھی تک نہیں ہورہی ہے،کسی ادارے کی مدد سے ہم حکومت کو گھر نہیں بھجوائیں گے، حکومت کو عوامی حمایت اور تائید سے گھر بھیجیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی مشرف کی پالیسیوں کا تسلسل جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس دن اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہوئی حکومت گھر چلی جائے گی۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر کے اتخابات میں بھی مداخلت کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی اپنے کیے پر نادم ہیں تو پی ڈی ایم کے دروازے کھلے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں