کوئٹہ، مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں

کوئٹہ:صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے،محکمہ کیسکو کی جانب سے صارفین کو طفل تسلیوں سے کام چلایاجارہاہے،گرمی کے موسم میں بجلی کی بندش سے عوام کوشدیدمشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے،بجلی کی بار بار ٹرفنگ سے الیکٹرونکس اشیاء جلنے سے عوام اور تاجروں کو لاکھوں کانقصان ہورہاہے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں سیٹلائٹ ٹاؤن،نواں کلی،زرغون آباد،کلی کوتوال،کلی عمر،ٹیچر کالونی،عبدالخالق روڈ،جی او آر کالونی،بروری روڈ،شہباز ٹاؤن،پشتون آباد،عبداللہ ٹاؤن،موسیٰ کالونی،سریاب روڈ اورگردونواح میں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور آنکھ مچولی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے،غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور وولٹیج میں کمی وبیشی سے صارفین کوشدید گرم موسم میں مشکلات کا سامنا ہے صارفین نے بتایا کہ بعض علاقوں میں ہر گھنٹے میں محض 20 منٹ بجلی فراہم کی جاتی ہے اس سلسلے میں بارہا کیسکو کے علاقہ ایکسئین ایس ڈی او کو شکایت بھی کی گئی ہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی آئے روز ٹرانسفارمر خراب رہتا ہے،وولٹیج میں کمی وبیشی سے مختلف علاقوں کے واسا کے ٹیوب ویلز بھی جل گئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو پانی کی قلت کاسامناہے،دن بھر میں ہر دس منٹ بعد بجلی بند کرنے اور وولٹیج میں کمی وبیشی سے نہ صرف لوگوں کی زندگی اجیرن ہے بلکہ عوام اور تاجروں کے لاکھوں روپے کے الیکٹرانکس کاسامان جل جاتاہے۔کیسکو حکام عوام کو گزشتہ چار روز سے طفل تسلیاں دے رہے ہیں صوبائی دارلحکومت میں بجلی کی یہ صورتحال ہے تو دیگر اضلاع میں کیا ہوگاگزشتہ 5روز سے دن بھر میں 6گھنٹے بھی بجلی کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جارہی،صارفین نے چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی کہ عوام کو کیسکو کی سرد مہری سے بچایا جائے اور اس شدید گرمی میں بجلی کی فراہمی یقینی بنایاجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں