سماجی پابندیاں ہٹانا زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ ہو گا، صدر ٹرمپ

واشنگٹن,امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث لاک ڈان اور سماجی پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ ہو گا۔ لیکن وہ یہ فیصلہ کرنے سے قبل طبی ماہرین کی رائے کو ضرور مدنظر رکھیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ سماجی پابندیاں نرم کرنے کے لیے ایک ایڈوائزری بورڈ آئندہ ہفتے تشکیل دیں گے۔ناقدین صدر ٹرمپ پر کرونا وائرس کی وبا کو ابتدائی طور پر دبانے کا الزام بھی عائد کرتے رہے ہیں۔ البتہ لاک ڈاون سے امریکی معیشت کو پہنچنے والے بھاری نقصان کے باوجود وائٹ ہاؤس نے سماجی پابندیاں اپریل کے آخر تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اپریل کے بعد صدر ٹرمپ یہ طے کریں گے کہ ان پابندیوں میں توسیع کرنی ہے یا لوگوں کو بتدریج کام کی طرف واپس لانا ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ یہ بڑا فیصلہ ہے۔ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ میں جو بھی فیصلہ کروں، وہ درست ثابت ہو۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ امریکی معیشت کا پہیہ دوبارہ چلے۔ لیکن وہ حقائق کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ میں نئے کیسز بتدریج کم ہو رہے ہیں جب کہ ہلاکتوں کے تخمینے بھی غلط ثابت ہو رہے ہیں جو ابتدا ایک لاکھ سے زائد بتائے جا رہے تھے۔امریکی صدر نے کہاکہ وہ منگل کو ایڈوائزری بورڈ کا اعلان کر دیں گے جس میں بعض ریاستوں کے گورنر بھی شامل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں