عمران خان کے دیئے گئے پیکج کی تکمیل سے صوبے میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا، گورنر بلوچستان
کوئٹہ:گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے سے قبل بلوچستان سے غربت کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا اقتدار میں آکر وزیراعظم نے بلوچستان کو ساڑے سات سو ارب کا پیکج دیا ہے اس پیکج کی تکمیل سے صوبے میں خوشحال کا نیا دور شروع ہوگا۔یہ بات انہوں نے ہزار گنجی میں بیت المال پاکستان کی جانب سے قائم کی گئی پناہ گاہ ” کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہی۔گورنر بلوچستان نے پناہ گاہ میں عام لوگوں کے ساتھ کھانا کھایا میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے گورنر بلوچستان کا کہناتھا کہ وزیر اعظم کے پناہ گاہ اور لنگر خانہ جیسے پروگرام غریب عوام کی خدمت کیلئے ہیں عمران خان نے روایتی چیزوں سے ہٹ کر اہم پروگرام شروع کئے جن سے عوام مستفید ہورہے ہیں ظہور آغا نے کہا کہ پچھلے چالیس برسوں میں برسر اقتدار آنے والے نے صوبے کے عوام سے صرف لفاظی کی لیکن وزیر اعظم نے اقتدار میں آنے سے قبل بلوچستان سے غربت کے خاتمے کا وعدہ پورا کرتے ہوئے ساڑے سات سو ارب کا پیکج دیا، اس پیکج کی تکمیل سے صوبے میں خوشحال کا نیا دور شروع ہوگا۔


