تربت، کرونا وائرس کے پیش نظرغیر معینہ مدت تک لاک ڈاؤن
تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ نے کرونا وائرس کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے لاک ڈان کے نفاز کا اعلان کردیا، حکم عدولی کرنے والے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ نے ضلع کیچ میں کرونا وائرس کی بڑھتی ہوئی مثبت کیسز اور ڈیلٹا ویریئنٹ کے تناظر میں شہریوں کے جانوں کی تحفظ یقینی بنانے کے لیے آج سے غیر معینہ مدت تک مکمل لاک ڈان نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔ڈی سی آفس سے جاری اطلاع میں عوام الناس سے سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، ضروری حالت میں ایس او پیز کی مکمل پابندی کریں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھ کر ضروری کام نمٹانے کے فورا بعد واپس جائیں، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام دکان دار، ہوٹل اور ریسٹورنٹ مالکان لاک ڈان کی مکمل پاسداری کریں تاکہ کرونا وبا کو مذید پھیلنے سے روکا جاسکے جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگیوں کو سخت خطرات لاحق ہیں۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس ایک ضرر رساں اور جان لیوا بیماری ہے جس کی لپیٹ میں ہمارا ضلع آچکا ہے اس کا واحد علاج لاک ڈان اور ایس او پیز پر عمل درآمد ہے، شہریوں اور انجمن تاجران سے یہ امید ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دے کر کرونا وبا کو شکست دینے کے لیے اپنا قومی کردار زمہ داری کے ساتھ نبھائیں گے۔


