وفاقی حکومت کا نئی پابندیوں کا اعلان، مارکیٹین رات 8بجے بند کرنے کی ہدایت

وفاقی حکومت نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کل سے نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی سی ) برائے تدارک کورونا کے سربراہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل 3 اگست سے زیادہ متاثرہ شہروں میں مارکیٹیں رات آٹھ بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہفتے میں دو روز بازار بند رہیں گے، ریسٹورنٹس میں ان ڈور ڈائننگ بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ہوم ڈلیوری کی چوبیس گھنٹے اجازت ہوگی۔
اسد عمر کے مطابق نئی پابندیوں کا اطلاق 3اگست سے 31 اگست تک ہوگا، کاروبار کے لیے اوقات رات 8 بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہفتے میں دو دن کاروبار بند رہے گا، چھٹی کس دن رکھنی ہے فیصلہ صوبے خود کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ انڈور ڈائننگ بند اور آؤٹ ڈور ڈائننگ رات دس بجے تک کھلی رہے گی، ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کی 24 گھنٹے اجازت ہو گی۔
اسد عمر نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں سواریوں کی گنجائش 50 فیصد ہوگی اور دفاتر میں حاضری بھی 50 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا تیسری سے پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے سندھ حکومت نے پہلے ہی یکم سے 8 اگست تک صوبے بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کر رکھا ہے۔
سندھ میں تمام بڑی مارکیٹیں مکمل طور پر بند ہیں جبکہ سبزی اور راشن وغیرہ کی دکانیں شام 6 بجے تک کھولی جاسکتی ہیں البتہ میڈیکل اسٹورز اور دودھ دہی کی دکانوں کو استثنیٰ حاصل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں