نواز شریف کے پاس دو آپشن ہیں، اپیل کرلیں یا پناہ حاصل کرلیں،شیخ رشید
اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے واضح کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پاس دو آپشن ہیں، اپیل کرلیں یا پناہ حاصل کرلیں،لیڈر وہ ہوتا ہے جو ملک میں جیتا مرتا ہے، نوازشریف کو بھی واپس آنا چاہیے،بھارت اور اسرائیل ملکر پاکستان کے خلاف سازش کرتے ہیں، تقاضہ ہے ہم یکجا ہو کر مقابلہ کریں،جو لوگ اس ملک میں انتشار اور خلفشار پھیلانے کی ناکام کوشش کرنا چاہتے ہیں وہ منہ کے بل گریں گے،خلیجی ممالک میں منظورہ شدہ ویکیسنز کے بوسٹر شاٹ کے اندراج کیلئے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) کا نیا سرٹیفکیٹ متعارف کروایا جائے گا،اسلام آباد میں تحفظ یقینی بنانے کیلئے 2ہزار ہولیس اہلکاروں کی بھرتی کی درخواست کی ہے جس میں پہلے مرحلے میں ایک ہزار اور دوسرے مرحلے میں مزید ایک ہزار اہلکار رکھے جائیں گے،کورونا کے باعث 14 اگست لال حویلی پر آتش بازی نہیں ہوگی۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ جن افراد نے چینی ویکسین لگائی ہے جو خلیجی ممالک میں قابل قبول نہیں ہے ان کیلئے رواں ہفتے نادرا کا نیا سرٹیفکیٹ متعارف کروایا جائیگا جس میں اضافی ویکسین کے اندراج کی گنجائش ہوگی۔خیال رہے کہ سعودی عرب کی سیاحتی ویب سائٹ کے مطابق سائنو فارم یا سائنو ویک ویکسین کی دونوں خوراک لگوانے والے غیر ملکیوں کو منظورہ شدہ چاروں میں سے کسی ایک ویکسین کا بوسٹر شاٹ لگوانے کے بعد ملک میں داخلے کی اجازت دے دی تھی۔سعودی حکام کی جانب سے ملک میں آنے والے افراد کے لیے آکسفورڈ/ ایسٹرازینیکا، فائزر/بائیو این ٹیک یا موڈرنا ویکسین کی منظوری دی تھی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت این ڈی ایس اور اسرائیل مل کر جو پاکستان کے خلاف سازش کرتے ہیں وہ اس بات کا تقاضہ ہیں کہ ہم یکجا ہو کر ان کا مقابلہ کریں۔اس ملک کی بدنصیبی کے اپوزیشن کو سمجھ نہیں ہے کہ آئندہ 6 ماہ میں اس خطے کی کیا صورتحال ہوگی اور یہ کہنا کہ کسی کو گرفتار کیا تو یہ ہوجائے گا، کچھ نہیں ہوگا، اپنی کوشش آپ کرلیں، قانون اپنی جگہ پر ہے جس کی خلاف ورزی پر قانون کا اطلاق ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تحفظ یقینی بنانے کیلئے 2ہزار ہولیس اہلکاروں کی بھرتی کی درخواست کی ہے جس میں پہلے مرحلے میں ایک ہزار اور دوسرے مرحلے میں مزید ایک ہزار اہلکار رکھے جائیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد کے سیکٹر ای-11 میں جس نالے کو 12 فٹ سے کم کرکے 4 فٹ کیا گیا ان میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نہوں نے بتایا کہ رواں ہفتے 2 مرتبہ چینی سفیر سے ملاقات ہوئی، چین اور پاکستان کی دوستی پر پوری قوم یک زبان ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس ملک میں انتشار اور خلفشار پھیلانے کی ناکام کوشش کرنا چاہتے ہیں وہ منہ کے بل گریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ داسو ڈیم کی تحقیقات وزارت داخلہ کے پاس ہے، اداروں نے تحقیقات مکمل کرلی ہیں جس کا اعلان وزیر خارجہ کریں گے جبکہ افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا سے متعلق تمام شواہد افغان تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کردی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے افغان ٹیم سے مطالبہ کیا ہے کہ افغان سفیر، ان کی بیٹی سے تفتیش اور جو جرمن فون ہمیں فرانزیک کے لیے چاہیے اس کے لیے رابطہ کروائیں۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کا پاسپورٹ 16 فروری سے منسوخ ہے، انہیں وطن واپس آنا چاہیے، لیڈر وہ ہوتا ہے جو ملک میں جیتا اور مرتا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کے پاس 2 ہی آپشنز ہیں ایک یہ کہ پاسپورٹ کی منسوخی کے خلاف اپیل کرلیں دوسرا کہ برطانیہ میں اسائلم لے لیں جو ہوسکتا ہے وہ نہ لیں کیوں کہ وہ سمجھتے ہیں کہ بہتری کے حالات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک صاحب نے بیان دیا کہ شہباز شریف کو گرفتار کیا تو قیامت آجائے گی جبکہ اس ملک میں بھٹو پھانسی لگ گیا تو کوئی چڑیا نہیں پھڑکی، آپ اس سے بڑے لیڈر تو نہیں ہیں کہ یہاں قیامت برپا کردیں گے، قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔انہوں نے ایک مرتبہ دہرایا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں سے نام نکالنے کے لیے اپیل کا وقت گزر چکا ہے تاہم شہباز شریف نے درخواست نہیں دی۔انہوں نے کہاکہ جو کچھ اس ملک میں ہورہا ہے اس کے پیچھے دہشت گردی، را، این ڈی ایس، اسرائیل ہے، میڈیا میں بھی انہوں نے ہمیں نشانہ بنایا ہوا ہے لیکن عمران خان کی قیادت میں اس سے نکلیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ وزارت داخلہ کو اسلحہ لائسنس کے اجرا کی اجازت مل گئی ہے جس کی کچھ شرائط ہیں جنہیں لوگوں کو سمجھنے اور پڑھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث 14 اگست لال حویلی پر آتش بازی نہیں ہوگی، کورونا کے باعث 13 اگست کا جلسہ منسوخ کردیا ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سی پیک میں کسی رکاوٹ کو کسی قیمت پر قبول نہیں کیا جائے گا، قوم سی پیک کے ساتھ کھڑی ہے، قوم کشمیر کی جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے، سی پیک اور کشمیر کے لیے قوم یک زبان ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 1122 سروس شروع کرنے لگے ہیں، وزیراعظم جلد ہی ریسکیو1122 کی 20 گاڑیوں کا افتتاح کریں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جس کے ساتھ ہوں اس کے ساتھ کھڑا ہوں، جو سیاسی لڑائی لڑے گا میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوکر اس کا مقابلہ کروں گا۔


