ٹیلی اسکول نشریات،بچے گھر میں بیٹھ کر تدریسی عمل سے مستفید ہونگے، فردو س عاشق اعوان

اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ٹی وی نے ٹیلی اسکول نشریات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے،وزارت تعلیم اور اطلاعات کے اشتراک سے شروع یہ منصوبہ عمران خان کے ملک میں تعلیم کے فروغ کے وژن کا مظہر ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کرونا وباء کے باعث بچوں کا تعلیمی عمل معطل ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس چینل کے ذریعے گھر بیٹھے بچے اور دیگر طالب علم تدریسی عمل سے استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ نشریات کا دورانیہ صبح 8 سے شام 6 بجے تک ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اول سے بارہویں جماعت تک کے طلباء اس سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیلی اسکول سے وہ بچے بھی فائدہ اٹھائیں گے جو کسی وجہ سے اسکول نہیں جا پاتے۔ انہوں نے کہاکہ گھر بیٹھے افراد کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کا یہ منصوبہ ملک بھرمیں خواندگی کے فروغ میں بھی اہم ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ٹیلی اسکول کی نشریات سیٹلائٹ اور اینٹیا دونوں کے ذریعے دیکھی جا سکے گی۔ انہوں نے کہاکہ دور افتادہ علاقوں کے بچے اور طالب علم اس تدریس و تربیت کے عمل سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں