پاکستان اور نائجر کے مابین برادرانہ اور مستحکم، تعلقات ہیں، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیر خارجہ م شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور نائجر کے مابین برادرانہ اور مستحکم، تعلقات ہیں۔ پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کے وڑن کی روشنی میں، اقتصادی ترجیحی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے، نائجر کی قومی اسمبلی کے صدر سینی اومارو نے وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ کا دورہ کیا۔ اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقات کی۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات،مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تباد لہ خیال کیا گیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان، نائجر سمیت افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی، اقتصادی و کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کا متمنی ہے۔وزیر خارجہ نے نائجر کے دارالحکومت نیامے میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کے انعقاد اور بھرپور میزبانی کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کے موقع پر نائجر کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے قرارداد کی بھرپور حمایت پر بھی نائجر قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا دونوں ممالک کے درمیان اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر دو طرفہ تعاون باعث اطمینان ہے۔ انہوں نے کہا دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کا فروغ خوش آئند ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور نائجر کے مابین پارلیمانی تعاون کے معاہدے کا خیر مقدم کیا۔ صدر نایجر اسمبلی سینی اومارو نے مشکل وقت میں پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ معاونت کو سراہتے ہوئے پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں