ملک و قوم کی بقاء ذہنی و جسمانی طور پر تندرست افراد سے مشروط ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ:گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی بقاء ذہنی و جسمانی طور پر تندرست افراد سے مشروط ہے اور اس حوالے سے بالخصوص بلوچستان کیلئے جدید میڈیکل یونیورسٹی انتہائی اہم ضرورت ہے انہوں نے وائس چانسلر بولان میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر نقیب اچکزئی اور ان کی پوری ٹیم پر زور دیا کہ وہ صوبے کی پہلی میڈیکل یونیورسٹی کو مضبوط اور مستحکم بنیادیں فراہم کرنے کیلئے خصوصی کاوشیں کریں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنرہاوس کوئٹہ بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز سے متعلق بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نقیب اللہ اچکزئی اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر شاہنواز علی بھی موجود تھے. بریفنگ میں بولان میڈیکل یونیورسٹی کی کارکردگی، زیر تعمیر عمارات، مالی وانتظامی امور و معاملات اور آئندہ کا لائحہ عمل بھی زیر بحث آئے. اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ کسی بھی نئے اعلیٰ تعلیمی ادارے کے مقاصد کا درست تعین ہی اصل منزل کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایک جدید سائنٹفک ہیلتھ سسٹم کو یقینی بنانے کیلئے بولان میڈیکل یونیورسٹی پر بڑی زمہ داریاں عائد ہوتی ہیں لہٰذا ہمیں اپنی منزل تک پہنچنے اور ترقی کی منازل تیزی سے طے کرنے کیلئے مالی انتظامات اور انسانی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کا بھرپور مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں