کھلاڑی کا میڈل چبانے والے میئر پر مشکل آگئی

ہر اولمپک گیمز میں بطور رسم تقریباً تمام کھیلوں کے فتحیاب کھلاڑی خوشی میں اپنے جیتے گئے میڈلز کو دانتوں سے پکڑ کر تصاویر بنواتے ہیں۔
لیکن اس حوالے سے کچھ عجیب واقعہ ٹوکیو اولمپکس کے بعد جاپان کے شہر ناگویا میں جاری ایک تقریب میں پیش آیا جہاں کے میئر تاکاشی کاوامورا کو سافٹ بال ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے والی جاپانی ٹیم کی رکن میو گوتو کے گولڈ میڈل کو دانتوں سے چباتے دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے میئر تاکاشی کے اس عمل کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے اور ایتھلیٹ کا احترام نہ کرنے پر غیر مہذب قرار دیا جارہا ہے۔
چین کی کم عمر ترین گولڈ میڈلسٹ کے آبائی گاؤں میں مداحوں کا رش لگ گیا
اس معاملے پر جاپان کے ایک ایتھلیٹ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایونٹ میں تمام فتحیاب کھلاڑی کورونا وائرس کے پیش نظر انفیکشن کی روک تھام کے اقدامات کرتے ہوئے خود میڈل پہن رہے تھے یا اپنے ساتھیوں کو پہنا رہے تھے اس کے باوجود میئر نے یہ حرکت کی۔
میئر تاکاشی نے اپنے عمل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتہائی نامناسب رویہ اختیار کیا جس پر وہ معذرت خواہ ہیں اور بھول گئے تھے کہ وہ میئر جیسے اہم عہدے پر فائز ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایتھلیٹ کے لیے نئے میڈل کے بندوبست کا خرچہ اٹھانے کے لیے بھی تیار ہیں۔
اس حوالے سے ٹوکیو اولمپکس 2020 کی انتظامیہ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) اور میو گوتو کے درمیان متبادل میڈل پر اتفاق ہوگیا ہے جس کے تمام اخراجات آئی او سی برداشت کرے گی۔
واضح رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے ویمنز سافٹ بال ایونٹ میں جاپان نے فائنل میں امریکا کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا تھا اور جاپان کے ناگویا شہر سے تعلق رکھنے والی میو گوتو بھی اس ٹیم کا حصہ تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں