پولیس محراب قتل کیس میں نامزد ملزمان کے خلاف کاروائی کرے،ذاتی کاروبار کو بندکرنا سرا سر ناانصافی ہے، حکمت لہڑی
کوئٹہ: آل بلوچستان ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی میر حکمت لہڑی نے کہا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے بلاجواز سدار بہار ٹرمینل کو سیل کرنے کے خلاف قومی شاہراہوں پر پہیہ جام ہڑتال کرکے تمام ٹرانسپورٹ کو بندکیا جائیگا،پولیس محراب قتل کیس میں نامزد ملزمان کے خلاف کاروائی کرے جس پر کوئی اعتراض نہیں لیکن ہمارے ذاتی کاروبار کو بندکرنا سرا سر ناانصافی ہے، ہماری کلی کے 300گھرانوں کو ہراساں جبکہ میرے بھائی حشمت لہڑی کو بلا جواز پولیس تحویل میں رکھا گیا ہے، یہ بات انہوں نے لہڑی ہاؤس کوئٹہ میں ٹرانسپورٹرز کے اجلاس کے بعد بلوچستان بس فیڈریشن کے صدر حاجی ملک شیر جمالدینی، حا جی نادر بادینی سمیت دیگر ٹرانسپورٹر اور قبائلی عمائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ محراب نامی شخص پر چوری کا الزام تھا جس پر موقع پر موجود افراد نے اسے زدوکوب کیا ہم اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں قتل کے مقدمے میں میرے چچا کے بیٹے کو نامزد کیا گیا ہے اور ہمارا اس کیس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے مگر پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے بلاجواز سدا بہار ٹرمینل کو سیل کردیاگیا ہے یہ ٹرمینل میر دولت کی ملکیت نہیں ہے بلکہ اس میں کئی دیگر شراکت دار ہیں جنکا کاروبار بند کرنے سے ایک طرف بھاری مالی نقصان ہورہا ہے تو دوسری جانب کئی لوگوں کا روزگار بھی متاثر ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ پولیس کے مقدمے میں جسے بھی نامزد کیاگیا ہے پولیس اور انتظامیہ انکے خلاف کاروائی ضرور کریں مگر کئی دنوں سے ہمارے 300گھرانوں کی کلی کو ہراساں کیا جارہا ہے میرے بھائی میر حشمت لہڑی کو پولیس نے تھانے بلایا او ر اب انہیں دس روز سے گرفتار کیا گیا ہے آئے روز انہیں مختلف تھانوں میں منتقل کیا جارہا ہے یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ معاشرے میں پہلاواقعہ ہوا ہے اور ہم سے شرپسند عناصر کی طرح رویہ رواں رکھا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے یک طرفہ کاروائی کی مذمت کرتے ہیں معاشرے کو صرف ایک پہلو دیکھا کر ہماری ساکھ اور کاروبار کو متاثر کیا جارہا ہے جسکی ہم مذمت کرتے ہیں پولیس ہمارے ساتھ ذیادتی کر رہی ہے سدا بہار ٹرمینل کو بلاجواز سیل کرنے کے خلاف مجبواً قومی شاہراہوں پر ٹرانسپورٹ کھڑی کر کے پہیہ جام ہڑتال کریں گے اگر ٹرمینل کو نہ کھولا گیا تو تمام ٹرانسپورٹر پہیہ جام ہڑتال کی کال دیں گے


