عمران خان سندھ کا پانی بند کرکے کسان کی زمینیں بنجر بنانا چاہتے ہیں ،منظور وسان
کراچی:وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے امور زراعت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ عمران خان سندھ کا پانی بند کرکے کسان کی زمینیں بنجر بنانا چاہتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے امور زراعت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ کراچی,بدین,ٹھٹہ,سجاول میں زرعی اور پینےکے پانی کی قلت شدت اختیار کرگئی ہے، سندھ کو حصے کا پانی نہ دیا گیا توعمران حکومت کےخلاف دمام دم مست قلندر ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ سکھربیراج میں صرف 80ہزارکیوسک پانی رہ گیا ہے، پانی نہ ملنےکی وجہ سےچاول کی کاشت سمیت دیگر فصل سخت متاثر ہو رہی ہے، تونسا,پنجند کینال سے ابھی بھی پنجاب حکومت پانی چوری کررہی ہے، سندھ کو حصے کا پانی نا ملنے کی وجہ سے سندھ کی فصلیں جل رہی ہیں اور کاشتکاروں کا اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے امور زراعت منظور حسین وسان نے مزید کہا ہے کہ پنجاب کی اعلی شخصیات اور ارسا چیئرمین سندھ کا پانی چوری کررہے ہیں، وفاقی حکومت کی پانی کے متعلق پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے سندھ کی زراعت کو بڑا نقصان ہورہا ہے، ٹھٹہ, بدین کے ساحلی علاقوں میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے وہاں کے لوگ نقل مکانی کررہے ہیں، عمران خان سندھ کے کسان کا پانی بند کرکے ان کی زمینیں بنجر بنانا چاہتے ہیں، سندھ کا پانی بند کرکے عمران خان,کپاس, چاول, گنے اور دیگر فصلوں کے نئے بحران نہ پیدا کریں۔


