پی ڈی ایم کے بے موسمی جلسوں سے حکومت کو کوئی تشویش نہیں،شاہ محمود قریشی

ملتان :وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے بے موسمی جلسوں سے حکومت کو کوئی تشویش نہیں، اپوزیشن بے وقت کی راگنی الاپ رہی ہے،پی ڈی ایم کے بے موسمی جلسے کرونا وبا کے پھیلاؤں کا باعث بنیں گے،وباء کا پھیلاؤ پر کم ہونے پر اپوزیشن اپنے جلسوں کا شوق پورا کرلے،گزشتہ 3سال میں پی ڈی ایم کی تمام تحریکیں ناکام ہوئیں، پی ڈی ایم اب اپنی کوئی نئی چال چلنا چاہتی ہے تواپنا شوق پورا کرے،ماضی کی طرح اب بھی ناکامی مقدر ہوگی،جو لوگ عمران خان سے استعفیٰ لینے نکلے تھے وہ کہاں گئے، پاکستان کابل میں جاری انخلاء کے عمل میں مختلف ممالک کے سفارتی عملے، عالمی نمائندوں اور غیر ملکیو ں کے انخلاء میں مدد فراہم کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156کی مختلف یونین کونسلو ں میں استقبالیہ تقاریب سے خطاب اور وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں ملکی ترقی کا سفر جاری ہے جو اپوزیشن کے شور شرابے سے رک نہیں سکتا۔ اپوزیشن کے پاکستان ملکی ترقی کا کوئی ایجنڈا نہیں،اپوزیشن افراتفری اور انتشار کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، اس کے برعکس وزیراعظم عمران خان کے پاس ملکی ترقی کا بھر پور ایجنڈاہے جس پر صحیح معنوں میں عمل ہواتو آئندہ اقتدار بھی تحریک انصاف کا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کرپشن کے خاتمے اور لٹیروں کے احتساب کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، اس ضمن میں اندرونی وبیرونی کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں۔ انہوں نے کہاک ہوزیراعظم آج لٹیروں کو معافی دے دیں تو اپوزیشن کے نزدیک تحریک انصا ف کی حکومت سب اچھی حکومت ہوگی،پاکستان میں یہ روایت بن چکی ہے کہ قومی خزانہ لوٹو، بیرون ملک جائیدادئیں بناواور بیرون ملک فرار ہو جاؤ لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان واضح کہہ چکے ہیں جس نے ملک لوٹا اس کو جواب دینا ہوگا،ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی خزانہ لوٹنے والے طاقتور لٹیروں کو احتساب کے شکنجے میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں احتساب سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیاسی عمل کا حصہ بنایا گیا، تحریک انصاف کی حکومت بلا امتیاز اور بلا تفریق احتساب کے عمل پر یقین رکھتی ہے، احتساب بیورو آزادانہ اور غیر جانبدرانہ کام کر رہا ہے،حکومت کا اس پراحتساب کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی پالیسی ہے ہر وہ شخص جس نے قومی خزانہ لوٹا چاہے وہ حکومت کا حصہ ہو یا اپوزیشن کا اسے احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا اور کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا چار ملکی دورہ کامیاب رہا،اس دورے میں قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں میں افغانستان کے حوالے سے ان کا نقطہ نظر جاننے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کی خواہش لیکر آگے بڑھ رہا ہے، افغانستان میں قیام امن بہت ضروری ہے۔ کیونکہ افغانستان کے امن سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کا امن وابستہ ہے، پاکستان افغانستان میں ایسا سیاسی تصفیہ چاہتا ہے جس میں تمام شراکت دار یکجا ہوں اور خطے میں پائیدار اور مستقل امن قائم ہو۔ افغانستان کے لوگ کئی دہائیوں سے جنگ کا سامنا کررہے ہیں اور اب امن چاہتے ہیں۔ افغانستان میں امن کے حوالے سے برطانیہ‘ امریکہ‘ چین سے بات چیت ہوئی، تمام ممالک نے افغانستان کے معاملے میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کابل میں جاری انخلاء کے عمل میں مختلف ممالک کے سفارتی عملے، عالمی نمائندوں اور غیر ملکیو ں کے انخلاء میں مدد فراہم کر رہا ہے۔ افغانستان کی اس صورتحال میں دنیا پاکستان پر اعتماد کا اظہار کررہی ہے اور پاکستان کے کردار کو سراہا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے موجودہ حالات میں خدشات موجود ہیں،ہمیں محتاط ہونا ہوگا، ہم نے افغاستان کے ساتھ بارڈر کو بند نہیں کیا۔ بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے اقدامات اٹھائے ہیں کوشش کررہے ہیں کوئی شخص بغیر دستاویزات بارڈر کراس نہ کرے۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔ یوسی 22 منظور آباد میں سابق کونسلر مہر مظفر حسین سنڈھل کی فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔ یوسی25 میں نعیم حمید انصاری کی والدہ کی فاتحہ خوانی میں شریک ہوئے،یوسی 19 انصاری چوک میں سابق ممبر ضلع کونسل عارف انصاری کی رہائش گاہ پر استقبالیہ میں شرکت کی۔ جہاں انہوں نے اہلیان علاقہ سے ملاقات کی اور ترقیاتی کاموں بارے بریفنگ لی۔ یوسی 16 میں سابق ٹکٹ ہولڈر اور انجمن تاجران گلشن مارکیٹ کے صدر چودھری الیاس کی رہائش گاہ پر استقبالیہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر معززین علاقہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے گلشن مارکیٹ فلائی اوور کی تکمیل بارے بریفنگ لی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فلائی اوور کی جلد از جلد تکمیل کو مکمل بنایا جائے۔ اس موقع پر صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری‘ سید بابر شاہ‘ چودھری الیاس‘ مہر اظہر چاون‘رانا عبدالجبار‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی‘ مہر اکرم چاون‘ سجاد سیال ودیگر افراد ان کے ہمراہ تھے۔یوسی 14 میں ضیاء سنگھیڑا کی رہائش گاہ پر مختلف عمائدین سے ملاقات کی۔ مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ یوسی 65 میں وائس چیئرمین سجاد انصاری کے بھائی کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔ یوسی 65 کے سابق کونسلر اقبال قریشی کے بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت کی۔ ممتاز آباد میں پی ٹی آئی رہنما کامران آفاق کی رہائش گاہ پر ظہرانے میں شریک ہوئے۔ یوسی 47 میں رانا عرفان کے گھر استقبالیہ میں شریک ہوئے اور عمائدین علاقہ سے ملاقات کی۔ یوسی 50 میں سابقہ کونسلر راؤ اسلم کے انتقال پر فاتحہ خوانی کے لئے گئے۔ دربار موسی پاک میں مخدوم سید تجمل حسین گیلانی مرحوم کی رسم چہلم اور ان کے صاحبزادے کی ودستار بندی میں شریک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں