چینی قونصل خانہ حملہ کیس، حیربیار مری اور راشد حسین سمیت 15 افراد کے وارنٹ جاری


کراچی: انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث کالعدم بی ایل اے کےارکان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبرو چینی قونصل خانے پر حملے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے کالعدم بی ایل اے کے 15ارکان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔مفرور ملزمان میں حیربیار مری، علی داد بلیدی، کمانڈر شریف، راشد حسین اور سمیر سمیت دیگر شامل ہیں۔ مقدمہ میں احمد حسنین، نادر خان، علی احمد، عبد اللطیف اور اسلم گرفتار ہیں۔پولیس کے مطابق ملزمان کو بھارتی ایجنسی را نے مالی معاونت دی۔ عبد اللطیف سمیت 2 ملزمان اپنے جرم کا اعتراف کرچکے ہیں۔ دونوں ملزمان نے مجسٹریٹ کے روبرو زیر دفعہ 164 بیان قلمبند کرایا ہے۔ ملزمان نے حملہ آوروں کو سہولت فراہم کی۔ ملزمان نے چائنیز قونصلیٹ حملے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان نے حملہ آوروں کو اسلحہ،دھماکہ خیز مواد فراہم کیا اور وقوعہ سے قبل چینی قونصل کی ریکی بھی کی۔ ملزمان کو بھارتی ایجنسی را اور بیرون ملک سے مالی تعاون حاصل رہا۔ مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے انٹر پول رابطہ کیا جائے گا۔