تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے مطلوبہ تعداد سے زیادہ ارکان کی حمایت حاصل ہے، اختر حسین لانگو

کوئٹہ :پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن اسمبلی اخترحسین لانگو نے کہاہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے مطلوبہ تعداد سے زیادہ ارکان کی حمایت حاصل ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان کے رویے اور پالیسی کی وجہ سے ان کی پارٹی،اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن ارکان ناراض ہیں تحریک عدم اعتماد بلوچستان کے وسیع تر مفاد کیلئے لیکر آئے ہیں،ہماری خواہش ہے کہ بلوچستان کو ایک ایسی حکومت میسرہوں جو یہاں کے مسائل کے حل عوام کی زندگی کی بہتری کیلئے اپنا مثبت اور عملی کرداراداکرسکے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے آن لائن سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اخترحسین لانگو نے کہاکہ گزشتہ تین سال سے اپنے تحفظات،خدشات کااسمبلی میں اظہار کرتے ہوئے امن وامان،کرپشن،پانی،صحت اور تعلیم کے مسائل حکومت کے سامنے رکھتے رہے ہیں تین سال تک جمہوری انداز میں تمام مسائل اجاگر کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ چلتے رہے اور تمام چیزوں کی نشاندہی کی مگر افسوس کے ساتھ کہناپڑتاہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہماری آواز پر کان نہ دھرا جس کے بعد ہمیں مجبوراََ آئینی اور جمہوری اختیار کواستعمال کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد لاناپڑی تاکہ ہم بلوچستان کے بنیادی مسائل کے حل،ترقی وخوشحالی کیلئے اپنا وہ کرداراداکرسکیں جس کیلئے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیاہے انہوں نے دعویٰ کیاکہ اس وقت بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن کی تعداد23ہیں اور ہم نے اپنی مطلوبہ تعداد کومدنظررکھتے ہوئے تحریک عدم اعتماد جمع کرایاہے جبکہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے ہمیں مطلوبہ تعداد سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہیں یہ تمام ارکان وزیراعلیٰ بلوچستان کی پالیسیوں سے نالاں ہے اور اپوزیشن کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں انہوں نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد 7روز کے اندر اسمبلی اجلاس طلب کرکے تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پیش کی جاتی ہے جس کے بعد ووٹنگ کیلئے سیشن بلایاجاتاہے ہم اپنی مکمل تعداد ووٹنگ کے روز شو کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں