بلوچستان عوامی پارٹی کا سیاسی بحران ختم کرنے کے لیے انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کا اعلان

کوئٹہ:بلوچستان عوامی پارٹی نے سیاسی بحران ختم کرنے کے لیے انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کا اعلان کردیا جبکہ وزیراعلی جام کمال خود کو بچانے کے لیے متحرک ہوئے اور انہوں نے ناراض اراکین کو منانا شروع کردیا،تفصیلات کے مطابق جام کمال کی بی اے پی کی صدارت چھوڑنے کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی بحران کو ختم کرنے کے لیے جلد انٹراپارٹی الیکشن کا اعلان کردیا گیا،بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان سینیٹر منظور کاکٹر نے کہا کہ بی اے پی کے ضلعی آرگنائزر، ضلعی صدور اور جنرل سیکریٹریز کا اجلاس طلب کیا گیا ہے،جس میں جام کمال کے استعفے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لے کر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا گیا،انہوں نے بتایا کہ 12اکتوبر کو بلوچستان عوامی پارٹی کے انٹراپارٹی الیکشن منعقد ہوگا، اجلاس میں سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی جائزہ لیاگیا، سینیٹر منظور کاکڑ کا کہنا تھا کہ پارٹی ذمہ داران نے انٹرپارٹی الیکشن کے انعقاد کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے،جبکہ وزیراعلی بلوچستان جام کمال اپنے خلاف آئندہ ہفتے پیش ہونے والی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لیے متحرک ہوگئے،انہوں نے گزشتہ روز 6ناراض اراکین اسمبلی سے ملاقات کی تصدیق کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ انشا اللہ سارے معاملات حل ہوجائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں